وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے الجامعة آف رسول، منڈی بہاؤالدین میں ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں اور مظلوم کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کوئی مجرم چاہے کسی بھی جماعت سے تعلق رکھتا ہو یا کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو، اسے قانون کی گرفت سے نہیں چھوڑا جائے گا۔ اصول پر مبنی حکومت ڈر کر نہیں چلائی جاتی، پنجاب حکومت اب ہر مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی بھی غریب شخص کی عزت پر سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا۔
مریم نواز نے حالیہ واقعات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ بائیک سوار خاتون پر تشدد کے واقعے میں انہوں نے بچی کو ہدایت کی کہ جتنے تھپڑ اس شخص نے تمہیں مارے ہیں، تم بھی بدلے میں اتنے ہی تھپڑ مارو۔ اسی طرح پیٹرول پمپ پر پیش آنے والے تشدد کے واقعے پر بھی انہوں نے یہی سخت مؤقف اپنایا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جرائم میں ملوث افراد اگلے ہی دن ضمانت پر باہر آ جاتے ہیں، جس کے سدباب اور انصاف کی فراہمی کے لیے ضرورت پڑنے پر وہ چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سے بھی ملاقات کریں گی۔