پرائیویٹ حج اسکیم کی 80 فیصد بکنگ مکمل، 15 ہزار نشستیں باقی

image

پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت بکنگ میں تیزی آ گئی، اب تک 80 فیصد نشستیں بک ہوچکی ہیں جبکہ تقریباً 15 ہزار نشستیں باقی رہ گئی ہیں۔ عازمین حج نے واجبات کی مد میں مجموعی طور پر 57 ارب 50 کروڑ روپے جمع کروا دیے ہیں۔

ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق سرکاری حج اسکیم کی بکنگ مکمل ہونے کے بعد پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت درخواستوں اور بکنگ کے عمل میں تیزی آئی ہے۔ عازمین کی جانب سے جمع کرائی گئی رقم میں سے 30 ارب روپے ون لنک پی ایس آئی ڈی اور بینک کارڈز کے ذریعے جبکہ 27 ارب 50 کروڑ روپے دستی بینک چالان کے ذریعے جمع کروائے گئے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ رواں سال پاک حج ایپ اور حج ڈیجیٹل پورٹل پر دستیاب تمام پرائیویٹ حج پیکیجز میں قربانی کے اخراجات بھی شامل ہیں، جن کی مالیت 55 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ اضافی سہولیات کے انتخاب اور ان کی ادائیگی کا عمل بھی ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔

وزارتِ مذہبی امور نے پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت حج ادا کرنے کے خواہش مند عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ باقی ماندہ نشستوں پر اپنی بکنگ جلد مکمل کرلیں۔ وزارت کے مطابق حج کی بکنگ اور واجبات کی ادائیگی 20 نومبر سے قبل مقررہ ڈیجیٹل ذرائع سے کرنا ضروری ہے۔

ترجمان نے عازمین کو خبردار کیا ہے کہ حج واجبات صرف سرکاری حج پورٹل یا پاک حج ایپ کے ذریعے جمع کروائیں اور کسی فرد یا کمپنی کو براہِ راست رقم ادا کرنے سے گریز کریں۔ غیر سرکاری ذرائع سے کی جانے والی ادائیگیوں کی صورت میں وزارتِ مذہبی امور ذمہ دار نہیں ہوگی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US