گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت دیر کالونی اسکول حادثے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں انکوائری کمیٹی نے اپنی رپورٹ پیش کردی۔
اجلاس میں مشیر تعلیم عامر عبداللہ، چیف سیکریٹری ڈاکٹر فخر عالم عرفان، سیکریٹری تعلیم عنایت اللہ وسیم اور انکوائری کمیٹی کے ارکان شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران گورنر کو حادثے کی وجوہات، متعلقہ افسران کے بیانات، محکموں کی ذمہ داریوں اور انکوائری کمیٹی کے نتائج و سفارشات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
رپورٹ میں اسکول کی عمارت کی تعمیر میں ناقص میٹریل کے استعمال پر اسکول کے مالک کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ محکموں کی جانب سے مبینہ غفلت کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔
اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ انکوائری رپورٹ کے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے محکمہ قانون سے مشاورت کی جائے اور حادثے کے ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
گورنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حادثے کے ذمہ داروں کا تعین کرکے ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جانی چاہیے۔