پنڈی بھٹیاں میں کوٹ نکہ کے قریب مسافر بس حادثے کا شکار ہو کر سیم نالے میں جا گری، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 40 کے قریب زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے پانچ افراد کی لاشیں نکال لیں جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مسافر بس رائیونڈ سے چنیوٹ میں منعقدہ اجتماع میں شرکت کے لیے جا رہی تھی کہ کوٹ نکہ کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی۔ حادثے کی ممکنہ وجہ ڈرائیور کو نیند آنا بتائی جا رہی ہے، تاہم حتمی وجہ کا تعین تحقیقات کے بعد ہوگا۔
حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں کا امدادی آپریشن جاری ہے، جبکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔