پاکستان نے مقامی سطح پر تیار کردہ پہلے فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل ’’فاز‘‘ (Fa’az) کا کامیاب تجربہ کر لیا، جسے ملکی دفاعی اور فضائی صلاحیتوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جدید ترین ٹرمینل گائیڈنس سسٹم سے لیس میزائل فاز طویل فاصلے سے دشمن کے فضائی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس میزائل کی شمولیت سے پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں اور جنگی حکمت عملی میں مزید لچک پیدا ہوگی جبکہ ملکی دفاعی استعداد بھی مضبوط ہوگی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی صنعت میں تکنیکی مہارت، جدت اور خود انحصاری کا عکاس ہے۔ تجربے کا مشاہدہ پاکستان کی مسلح افواج کے اعلیٰ افسران سمیت اس جدید میزائل نظام کی تیاری میں اہم کردار ادا کرنے والے ممتاز سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔
صدرِ مملکت، وزیراعظم پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے میزائل کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔