محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، سردی اور مطلع ابرآلود رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو موسمی صورتحال سے آگاہ کردیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع ابرآلود رہنے جبکہ صبح کے اوقات میں ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر بالائی علاقوں میں موسم سرد اور مطلع ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔
پیشگوئی کے مطابق دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ اور باجوڑ میں بارش متوقع ہے، جبکہ مہمند، کوہاٹ، پشاور، اورکزئی اور کرم میں بھی بعض مقامات پر بارش ہوسکتی ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد اور ملتان میں اسموگ چھائے رہنے کی توقع ہے۔ ملتان، لیہ، ڈیرہ غازی خان، مری، گلیات اور خطہ پوٹھوہار میں بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، جبکہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ تاہم صوبے کے شمالی اضلاع میں سردی اور مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔
بلوچستان میں بارکھان، موسیٰ خیل، چمن، پشین اور ژوب میں بارش متوقع ہے، جبکہ قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور کوئٹہ میں بھی چند مقامات پر بارش ہوسکتی ہے۔