وزیراعظم شہباز شریف نے پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام کے تحت مستحق شہریوں کو سبسڈی فراہم نہ کرنے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام کے جائزہ اجلاس میں اسکیم پر عمل درآمد، پیشرفت اور شفافیت کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے پروگرام کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رجسٹریشن اور سبسڈی کے حصول کا طریقہ کار آسان بنانے سے مستحق شہریوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور عوام اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 4 نومبر تک پیٹرولیم سبسڈی اسکیم کے تحت ایک کروڑ 55 لاکھ 9 ہزار 282 شہری رجسٹر ہوچکے ہیں، جن میں ایک کروڑ 50 لاکھ 60 ہزار موٹر سائیکل مالکان جبکہ 4 لاکھ 49 ہزار 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان شامل ہیں۔ رجسٹرڈ مستحقین کو اب تک مجموعی طور پر 28 ارب 60 کروڑ روپے کی سبسڈی ادا کی جا چکی ہے۔
حکام کے مطابق اسکیم کے تحت اب تک 6 کروڑ 31 لاکھ 53 ہزار 685 ٹوکن جاری کیے گئے، جن میں سے 5 کروڑ 94 لاکھ 45 ہزار 347 ٹوکن استعمال ہو چکے ہیں۔ صارفین اور پیٹرول پمپ مالکان کی رہنمائی اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے الگ الگ کال سینٹرز بھی فعال کر دیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ فیول ریلیف پروگرام پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور مستحق شہریوں کو سبسڈی کی فراہمی میں رکاوٹ بننے والے پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے لائسنس منسوخ کیے جائیں۔