عمان میں جاری ایشیا کپ انڈر-19 ٹورنامنٹ کے اہم میچ میں دفاعی چیمپئن پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو تین وکٹوں سے شکست دے دی۔
بھارتی جونیئرز نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا لیکن ان کی شروعات انتہائی خراب رہی اور 42 رنز پر 4 اور 86 رنز پر 5 وکٹیں گر گئیں۔
سابق کرکٹرز وریندر سہواگ کے بیٹے آریاویر سہواگ 22 رنز اور راہول ڈراوڈ کے بیٹے انوے ڈراوڈ 10 رنز بنا کر نقاب شفیق کا شکار بنے۔ فاسٹ باؤلرز علی رضا اور رضوان اللہ نے ابتدائی نپٹارے میں اہم کردار ادا کیا۔
تاہم بھارت کے ارجن راجپوت نے دباؤ میں 85 گیندوں پر 5 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 107 رنز کی بہترین اننگز کھیلی، جس کی بدولت بھارتی ٹیم کا اسکور قابلِ ذکر حد تک پہنچا۔
208 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اننگز کا آغاز بھی مشکلات سے دوچار ہوا اور صرف 61 رنز کے مجموعے پر 5 بلے باز پویلین لوٹ گئے۔ اس مشکل صورتحال میں وکٹ کیپر بلے باز حمزہ ظہور نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حسنین عباس ڈار کے ساتھ چھٹی وکٹ کے لیے 107 رنز کی میچ وننگ شراکت داری قائم کی۔
بعد ازاں حمزہ ظہور نے نچلے نمبروں کے بلے بازوں محمد صائم اور نقاب شفیق کے ساتھ مل کر ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 108 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 100 رنز کی اننگز کھیل کر 48.1 اوورز میں پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرایا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے قومی جونیئر ٹیم کو اس شاندار فتح پر مبارکباد دی ہے۔