سعودی عرب میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن، ایک ہفتے میں 11 ہزار 587 خلاف ورزیاں ریکارڈ

image

سعودی عرب میں اقامہ، لیبر اور بارڈر سیکیورٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران ایک ہفتے میں 11 ہزار 587 خلاف ورزیاں سامنے آگئیں، جبکہ 9 ہزار 139 غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کرکے ان کے آبائی ممالک واپس بھیج دیا گیا۔

سعودی اخبار سعودی گزٹ کے مطابق وزارت داخلہ نے 29 اکتوبر سے 4 نومبر 2026 تک مملکت کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں، جن کے دوران اقامہ قوانین کی 6 ہزار 43، بارڈر سکیورٹی قوانین کی 3 ہزار 191 اور لیبر قوانین کی 2 ہزار 353 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔

وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق غیر قانونی طریقے سے سعودی عرب میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ایک ہزار 678 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا، جبکہ 18 افراد کو سعودی عرب سے سرحد عبور کرکے پڑوسی ممالک میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران حراست میں لیا گیا۔

کارروائیوں کے دوران غیر قانونی تارکین وطن کو رہائش، روزگار، سفری سہولیات اور پناہ فراہم کرنے میں ملوث 29 افراد بھی گرفتار کیے گئے ہیں۔

سعودی حکام نے خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کو کسی بھی قسم کی سہولت فراہم کرنا سنگین قانونی جرم ہے۔ ایسے افراد کو رہائش دینے، ملازمت فراہم کرنے، نقل و حرکت میں مدد کرنے، پناہ دینے یا مملکت میں غیر قانونی داخلے میں معاونت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

وزارت داخلہ کے مطابق غیر قانونی تارکین وطن کو سعودی عرب میں داخل ہونے، قیام کرنے یا کسی بھی قسم کی سہولت فراہم کرنے میں ملوث افراد کو 15 سال تک قید اور 10 لاکھ سعودی ریال تک جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے، جبکہ جرم میں استعمال ہونے والی گاڑی اور جائیداد بھی ضبط کی جا سکتی ہے۔

سعودی حکام نے شہریوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں اور امیگریشن قوانین کی خلاف ورزیوں کی اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔ اس مقصد کے لیے مکہ مکرمہ اور ریاض میں 911 جبکہ مملکت کے دیگر علاقوں میں 999 یا 996 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US