ضمنی انتخابات: مسلم لیگ (ن) نے این اے 77 گوجرانوالہ اور پی پی 203 چیچہ وطنی کی نشستیں جیت لیں

image

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں نے این اے 77 گوجرانوالہ اور پی پی 203 چیچہ وطنی کے ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کرلی، غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق دونوں نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں۔

این اے 77 گوجرانوالہ کے تمام 333 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راشد بشیر ورک نے 43 ہزار 365 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی، جبکہ مرکزی مسلم لیگ کے امیدوار محمد ابراہیم گجر 30 ہزار 218 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار نے 13 ہزار 147 ووٹوں کی برتری حاصل کی۔

کامیابی کے بعد مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور حامیوں نے جشن منایا اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔

دوسری جانب پی پی 203 چیچہ وطنی کے ضمنی انتخاب میں بھی مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اسد حنیف جٹ کامیاب ہوگئے۔ تمام 185 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی نتائج کے مطابق اسد حنیف جٹ نے 41 ہزار 245 ووٹ حاصل کیے، جبکہ تحریکِ احساس پاکستان کے امیدوار محمد اویس گجر 23 ہزار 167 ووٹ لے سکے۔

پی پی 203 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 58 ہزار 122 ہے۔ یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی چوہدری محمد حنیف جٹ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

این اے 77 گوجرانوالہ اور پی پی 203 چیچہ وطنی کے مذکورہ نتائج غیر حتمی اور غیر سرکاری ہیں، جن کی حتمی توثیق متعلقہ انتخابی حکام کی جانب سے کی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US