پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین کے لیے 10 لاکھ گھر تعمیر کرکے تاریخ رقم کردی ہے، یہ دنیا کا سب سے بڑا ہاؤسنگ منصوبہ ہے، اس سے قبل سب سے زیادہ گھر تعمیر کرنے کا ریکارڈ نیپال حکومت کے پاس تھا۔
کراچی میں سیلاب متاثرین کے لیے جاری سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ افیکٹیز منصوبے کے تحت 10 لاکھ گھروں کی تکمیل کے سنگِ میل کے موقع پر تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت نے سب سے زیادہ گھر تعمیر کرکے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ہاؤسنگ منصوبے سے لاکھوں افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئے جبکہ تعمیر کیے گئے گھروں کے مالکانہ حقوق خواتین کو دیے گئے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پوری دنیا اس وقت معاشی بحران سے گزر رہی ہے، ایسے حالات میں سیلاب متاثرین کے لیے اتنے بڑے پیمانے پر گھروں کی تعمیر ایک اہم کامیابی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا گیا اور عوام کو سہولیات دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج سیلاب متاثرین سے کیے گئے وعدے کی تکمیل کا دن ہے۔