نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مکہ معاہدہ سعودی عرب اور ترکیے کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کی علامت ہے اور یہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں ہے۔
مارگلہ ڈائیلاگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ عالمی قوانین کے غیر منصفانہ اطلاق سے تفریق پیدا ہوتی ہے، جبکہ اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کو زیادہ مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سکیورٹی کا نظام شدید دباؤ کا شکار ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے میں پُرامن، مستحکم اور معاشی طور پر مربوط ماحول کا خواہاں ہے۔ کسی بھی ملک کی سرزمین دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے اور پاکستان اس حوالے سے مؤثر اقدامات کا حامی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدلتی عالمی صورتحال میں پاکستان دوست ممالک اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ چین کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، جبکہ امریکا، سعودی عرب، ترکیے، جاپان، مصر، متحدہ عرب امارات اور ملائیشیا کے ساتھ تعلقات بھی اہمیت رکھتے ہیں۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور ترکیے کے ساتھ مجوزہ دفاعی تعاون علاقائی امن و استحکام کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ پاکستان قومی سلامتی مضبوط بنانے کے ساتھ سفارتی روابط اور ترقی کے مواقع بھی برقرار رکھنا چاہتا ہے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ دفاعی اور تکنیکی صلاحیتوں میں اضافہ اور معاشی ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مضبوط ادارے، ہنرمند افرادی قوت اور کاروبار دوست ماحول ضروری ہیں، جبکہ ترقی پذیر ممالک کو عالمی معاشی نظام میں مساوی مواقع ملنے چاہئیں۔