جمائما گولڈ سمتھ نے الزام لگایا ہے کہ ان کے سابقہ بوائے فرینڈ رسل برینڈ نے ماضی میں انھیں تشدد اور بد سلوکی کا نشانہ بنایا تھا۔
جمائما گولڈ سمتھ (بائیں) اور رسل برینڈ (دائیں) 2014 کے آس پاس تقریباً ایک سال تک ایک دوسرے کے ساتھ تعلق میں رہے تھے- انتباہ: اس رپورٹ میں شامل تفصیلات قارئین کے لیے پریشان کن ہو سکتی ہیں
جمائما گولڈ سمتھ نے الزام لگایا ہے کہ ان کے سابقہ بوائے فرینڈ رسل برینڈ نے ماضی میں انھیں تشدد اور بد سلوکی کا نشانہ بنایا تھا۔
سنہ 2014 کے دوران جمائما گولڈ سمتھ کا تقریباً ایک سال تک برطانوی کامیڈین اور اداکار رسل برینڈ سے تعلق رہا تھا۔
51 سالہ برینڈ کو پیر کے روز ریپ اور جنسی حملوں کے مقدمے میں مجرم قرار دیے جانے کے بعد ساڑھے 10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔
انھیں 2009 میں اپنے گھر میں ایک خاتون کو ریپ کرنے کے علاوہ تین دیگر خواتین کے خلاف جنسی حملوں کے تین الزامات میں قصوروار قرار دیا گیا ہے۔
سزا سناتے ہوئے جج نے برینڈ سے کہا کہ انھوں نے خواتین کے انکار کے حق کی پروا نہیں کی اور اپنی شہرت کی وجہ سے سمجھا کہ وہ ’جب چاہیں اور جو چاہیں کر سکتے ہیں۔‘
جمائما کا کہنا ہے کہ ’2014 میں ایک پُر تشدد واقعے کے دوران مجھے برینڈ کو اپنے گھر سے نکلوانے کے لیے پولیس کو بلانا پڑا۔‘ تاہم انھوں نے مقدمہ درج نہ کرانے کا فیصلہ کیا۔
52 سالہ گولڈ سمتھ نے سوشل میڈیا پر ایک طویل بیان میں کہا کہ وہ ’ان بہادر خواتین کی معترف ہیں جنھوں نے برینڈ کے مقدمے میں گواہی دی‘ اور انھیں خوشی اور اطمینان ہے کہ برینڈ کو ’بالآخر انصاف کا سامنا کرنا پڑا۔‘
ٹی وی پروڈیوسر جمائما گولڈ سمتھ پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور کرکٹر عمران خان کی سابقہ اہلیہ بھی ہیں۔ وہ مرحوم ارب پتی کاروباری شخصیت سر جیمز گولڈ سمتھ کی بیٹی اور سابق کنزرویٹو وزیر زیک گولڈ سمتھ کی بہن ہیں۔
دو بچوں کی والدہ گولڈ سمتھ نے کہا کہ انھوں نے 2014 کے مبینہ پُر تشدد واقعے پر قانونی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ وہ ’اپنے نوعمر بچوں پر میڈیا کی توجہ کے اثرات کے بارے میں فکر مند تھیں۔‘
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پیر کی شام انھوں نے لکھا: ’اگرچہ اس معاملے سے متعلق میری تکلیف ان خواتین کی اذیت کے مقابلے میں بہت کم ہے جنھوں نے عدالت میں اپنے تجربات بیان کیے، لیکن یہ میری زندگی کا ایک مشکل دور تھا جس کے دیرپا اثرات مرتب ہوئے۔‘
جمائما نے کہا کہ 2014 کے بعد نہ انھوں نے برینڈ کو دیکھا اور نہ ان سے بات کی، تاہم ان کا دعویٰ ہے کہ انھوں نے ان صحافیوں کی مدد کی جو برینڈ کے خلاف الزامات کو منظر عام پر لائے، اور اگر ان صحافیوں کے خلاف مقدمہ کیا جاتا تو وہ برینڈ کے رویے کے بارے میں گواہی دینے کے لیے تیار تھیں۔
اپنے بیان میں جمائما گولڈ سمتھ نے 2015 کے ایک عدالتی حکم کا حوالہ دیا، جس کے تحت سلویا بیرکی نامی خاتون کو انھیں ہراساں کرنے سے روکا گیا تھا۔
جمائما کے مطابق بیرکی ان کے گھر میں رسل برینڈ کی جانب سے مبینہ حملے کے الزامات بھی عائد کر رہی تھیں۔
جمائما گولڈ سمتھ کا کہنا ہے کہ سات جون 2014 کو بیرکی تقریباً 30 منٹ کے لیے ان کے گھر آئیں تاکہ برینڈ کو مساج دے سکیں لیکن بیرکی کی گھر آمد کے بعد ایسا نہ ہو سکا۔
جمائما گولڈ سمتھ کا کہنا ہے کہ ایک موقع پر انھیں رسل برینڈ کے خلاف پولیس طلب کرنا پڑی تھیجمائما نے کہا کہ بعد ازاں بیرکی نے پولیس کو بتایا کہ جب وہ گھر سے جا رہی تھیں تو برینڈ نے انھیں پیچھے سے دھکا دیا اور جمائما کے کتے نے ان پر حملہ کیا۔
برینڈ کی سابقہ گرل فرینڈ کا کہنا تھا کہ انھوں نے اس ملاقات کے دوران ’کسی غیر معمولی بات کا مشاہدہ نہیں کیا۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ پولیس کو بیان اور سی سی ٹی وی فوٹیج فراہم کرنے کے بعد حکام اس نتیجے پر پہنچے کہ ایسا کوئی مقدمہ نہیں بنتا جس پر کارروائی کی جائے۔
جمائما نے الزام لگایا کہ اس کے بعد بیرکی نے انھیں ’شدید یہود مخالف اور دھمکی آمیز‘ پیغامات بھیجے اور سوشل میڈیا پر ان کے خلاف ’بے بنیاد اور غلط‘ الزامات لگائے۔
ان کے مطابق بعد میں انھوں نے برینڈ کے وکیل کی اس تجویز سے اتفاق کیا کہ ہراسانی روکنے کے لیے عدالتی حکم حاصل کیا جائے۔ جمائما نے پیر کو دعویٰ کیا کہ حالیہ میڈیا رپورٹنگ کے باعث انھیں ’آن لائن شدید نفرت اور بد سلوکی‘ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
سنڈے ٹائمز کی چیف نیوز رپورٹر روزمند اروِن، جو 2023 میں برینڈ سے متعلق میڈیا تحقیقات میں شامل تھیں، نے بی بی سی کو بتایا کہ جمائما گولڈ سمتھ نے ان کی ’بہت مدد کی‘۔
انھوں نے کہا: ’میں نے دیکھا ہے کہ انھیں آن لائن کس نوعیت کی بد سلوکی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور میں لوگوں کو یہ سمجھانے کی کوشش کرتی رہی ہوں کہ یہ معاملہ ان کی سوچ سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہے۔‘
ارون نے مزید کہا: ’میری خواہش ہے کہ لوگ یاد رکھیں کہ سامنے آ کر بات کرنے والی خواتین بہادر ہوتی ہیں، اور جمائما گولڈ سمتھ نے آج رات یہی کیا ہے۔ انھوں نے بے مثال جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ رسل برینڈ نے ان کے ساتھ کیسا سلوک کیا۔‘
برینڈ کو سزا سنائے جانے کی سماعت کے دوران ان خواتین کے بیانات بھی سنے گئے جنھوں نے ان پر جنسی حملوں کے الزامات لگائے تھے۔
ان میں سے ایک خاتون نے کہا کہ اس واقعے کے بعد وہ برسوں تک ’ذہنی صدمے اور پریشانی‘ کا شکار رہیں۔
ان کا کہنا تھا: ’مجھے اپنی کوئی عزت محسوس نہیں ہوتی تھی۔ میں سمجھتی تھی کہ میں ٹوٹ پھوٹ چکی ہوں اور اس خوف میں رہتی تھی کہ کہیں میرے کسی رویے کا غلط مطلب نہ نکال لیا جائے۔‘
جس خاتون کے ریپ کے الزام میں برینڈ کو قصوروار قرار دیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ یہ ذہنی صدمہ وہ ’ہر روز اپنے ساتھ اٹھائے پھرتی ہیں۔‘
سزا سنائے جانے کے بعد پیر کو ایک وین، جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ اس میں برینڈ موجود تھے، لندن کی ایچ ایم پی وینڈزورتھ جیل پہنچتی دیکھی گئی۔
رہنما اصولوں کے مطابق بعض سنگین پُر تشدد یا جنسی جرائم میں چار سال یا اس سے زیادہ قید پانے والے مجرم اپنی سزا کا دو تہائی حصہ مکمل کرنے کے بعد رہا ہو سکتے ہیں۔ برینڈ کے معاملے میں یہ مدت سات سال بنتی ہے۔
رہائی کے بعد غالب امکان ہے کہ وہ اپنی باقی سزا لائسنس کی شرائط کے تحت گزاریں گے اور انھیں بعض مخصوص قواعد، مثلاً الیکٹرانک ٹیگ پہننے، کی پابندی کرنا ہو گی۔
چار خواتین سے متعلق 2004 سے 2009 کے درمیان پیش آنے والے واقعات کے الزامات میں برینڈ کو ساؤتھ وارک کراؤن کورٹ میں قصوروار قرار دیا گیا تھا۔ مقدمے کی سماعت چار ہفتوں تک جاری رہی تھی۔
تاہم انھیں ریپ کے دو اور اقدامِ دست درازی کے ایک الزام سے بری کر دیا گیا۔
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔