کوٹ لکھپت جیل لاہور میں قید پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو طبی معائنے اور مختلف ٹیسٹوں کے لیے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق چند روز قبل جیل میں قیام کے دوران شاہ محمود قریشی کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی تھی۔ وہ بیرک میں چہل قدمی کررہے تھے کہ اچانک چکر آنے کے باعث زمین پر گر گئے، جس کے نتیجے میں ان کے جسم کے مختلف حصوں پر چوٹیں آئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرنے کے باعث شاہ محمود قریشی کے گھٹنے اور بازو پر بھی چوٹیں لگیں۔ واقعے کے بعد جیل حکام نے انہیں فوری طبی امداد فراہم کی جبکہ ان کے خون کے نمونے حاصل کرکے تجزیے کے لیے شوکت خانم ہسپتال بھجوائے گئے۔
ذرائع کے مطابق اب شاہ محمود قریشی کو مزید تفصیلی طبی معائنے اور ضروری ٹیسٹوں کے لیے پی آئی سی منتقل کیا گیا ہے، جہاں ماہر ڈاکٹرز ان کا طبی معائنہ کررہے ہیں۔