غزہ میں جنگ کے باعث بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کی مشکلات میں شدید بارشوں نے مزید اضافہ کر دیا ہے۔ وسطی غزہ میں عارضی پناہ گاہوں پر مٹی کا تودہ گرنے سے بچوں سمیت 4 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 5 افراد زخمی ہوئے۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق افسوس ناک واقعہ اتوار کی رات ایک ایسے کیمپ میں پیش آیا جہاں بے گھر خاندان خیموں میں رہائش پذیر تھے۔ مسلسل بارشوں کے باعث زمین کھسکنے سے مٹی اور پتھر خیموں پر آ گرے، جس کے نتیجے میں وہاں موجود افراد ملبے تلے دب گئے۔
حادثے کے بعد مقامی شہری اور امدادی کارکن فوری طور پر متاثرہ مقام پر پہنچے۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں لوگوں کو رات کی تاریکی میں موبائل فون کی روشنی سے ملبے کے نیچے پھنسے افراد کی تلاش کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
غزہ کے محکمہ شہری دفاع نے واقعے پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے عالمی امدادی اداروں سے فوری مدد کی اپیل کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بے گھر خاندانوں کو ایسی محفوظ جگہوں پر منتقل کرنا ضروری ہے جہاں بارش، سیلاب یا زمین کھسکنے سے ان کی جانوں کو خطرہ نہ ہو۔
اس سے قبل ہفتے کے روز ہونے والی موسلا دھار بارشوں نے غزہ کے مختلف علاقوں میں ہزاروں خیموں کو متاثر کیا تھا۔ کئی مقامات پر پانی تقریباً 5 فٹ تک جمع ہوگیا، جس سے پہلے ہی مشکلات کا شکار خاندانوں کے لیے رہنا مزید دشوار ہوگیا۔
شہری دفاع کے مطابق بارشوں کے دوران انہیں تقریباً 2100 ہنگامی امدادی کالز موصول ہوئیں، لیکن محدود وسائل اور خراب حالات کے باعث امدادی ٹیمیں صرف 10 فیصد درخواستوں پر کارروائی کر سکیں۔
اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں غزہ کی تقریباً 80 فیصد عمارتیں تباہ یا متاثر ہو چکی ہیں۔ علاقے میں 19 لاکھ سے زیادہ فلسطینی بے گھر ہیں، جبکہ تقریباً 12 لاکھ افراد خیموں اور عارضی پناہ گاہوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ اکتوبر 2025 میں جنگ بندی کے معاہدے کے باوجود غزہ میں انسانی بحران ختم نہیں ہوا۔ جاری فوجی کارروائیوں، رہائش کی کمی اور امدادی سامان کی قلت کے باعث شہریوں کو مسلسل مشکلات کا سامنا ہے۔
غزہ کے امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ بے گھر افراد کے لیے محفوظ رہائش کا انتظام فوری طور پر کرنا ہوگا، کیونکہ موجودہ خیمے شدید بارشوں اور موسم کی سختیوں سے تحفظ فراہم کرنے کے قابل نہیں ہیں۔