وینزویلا کے سابق صدر نکولس مادورو کی امریکی جیل میں زندگی سے متعلق نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق مادورو کا قید کے دوران وزن کافی کم ہوگیا ہے، جبکہ وہ اپنا زیادہ تر وقت قرآن پاک، بائبل اور فلسفے سے متعلق کتابیں پڑھنے میں گزار رہے ہیں۔
63 سالہ نکولس مادورو کو 3 جنوری 2026 کو گرفتار کیا گیا تھا اور وہ اس وقت نیویارک کے بروکلین میٹروپولیٹن حراستی مرکز میں قید ہیں۔ رپورٹ میں صورتحال سے واقف 6 افراد کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مادورو پہلے بھی مذہبی معاملات میں دلچسپی رکھتے تھے، تاہم جیل جانے کے بعد ان کا رجحان مزید بڑھ گیا ہے۔
اخبار کے مطابق سابق صدر نے جیل میں مختلف مذہبی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کی ہیں، جن میں ایک کیتھولک پادری اور یہودی مذہبی رہنما شامل ہیں۔ مادورو ماضی میں اپنے خاندان کے یہودی پس منظر کا ذکر بھی کر چکے ہیں، جبکہ وہ عیسائیت کے علاوہ دیگر مذہبی اور روحانی تعلیمات میں بھی دلچسپی رکھتے رہے ہیں۔
رپورٹ میں ان کی صحت کے حوالے سے بتایا گیا کہ جیل میں فراہم کیے جانے والے کھانے کے معیار سے وہ مطمئن نہیں ہیں۔ ان کی خوراک سے واقف دو افراد کے مطابق ناقص کھانے کی وجہ سے ان کا وزن تیزی سے کم ہوا ہے اور وہ پہلے کے مقابلے میں کافی کمزور دکھائی دیتے ہیں۔
دوسری جانب مادورو کی اہلیہ سیلیا فلورس کی صحت سے متعلق بھی تشویش ناک معلومات سامنے آئی ہیں۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق 70 سالہ فلورس کا وزن تقریباً 11 کلوگرام کم ہو چکا ہے اور ان کے دو دانت بھی ضائع ہوئے ہیں۔ سینے میں درد کی شکایت پر انہیں دوا دی گئی ہے، جبکہ وہ روزانہ صرف تین سے چار گھنٹے سو پاتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق فلورس کو تین ماہ تک تنہائی میں رکھا گیا۔ جیل میں قیدیوں کے درمیان جھگڑا ختم کرانے کے لیے استعمال ہونے والے مرچوں کے اسپرے سے بھی وہ متاثر ہوئیں۔ ان کے وکلا کو شبہ ہے کہ جولائی میں انہیں معمولی دل کا دورہ پڑا تھا، تاہم اس کی طبی تصدیق نہیں ہو سکی۔
واضح رہے کہ مادورو اور سیلیا فلورس پر امریکا میں منشیات کی اسمگلنگ اور منشیات سے متعلق دہشت گردی کی سازش سمیت مختلف الزامات عائد ہیں۔ دونوں نے عدالت میں خود کو بے قصور قرار دیا ہے۔
مادورو کی رہائی کی درخواست پہلے ہی مسترد کی جا چکی ہے، جبکہ سابق جج ایلون ہیلرسٹین کے انتقال کے بعد جج انالیسا ٹوریس نے مقدمے کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔ دونوں کے خلاف مقدمے کی سماعت جون 2027 میں شروع ہونے کا شیڈول ہے۔
نیویارک ٹائمز کی یہ رپورٹ ایسے وقت سامنے آئی ہے جب سابق صدر اور ان کی اہلیہ کی جیل میں صحت، خوراک اور رہائش کے حالات پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔