شہر میں فضائی آلودگی کی صورتحال بدستور تشویشناک ہے اور لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا۔ شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 450 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی شرح 500 سے بھی تجاوز کرگئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملتان روڈ، سفاری پارک اور جی ٹی روڈ کے علاقوں میں اے کیو آئی 500 ریکارڈ کیا گیا۔ کاہنہ میں فضائی آلودگی کی شرح 490، گلبرگ میں 475، ایجرٹن میں 432 جبکہ شاہدرہ اور ڈی ایچ اے فیز 6 میں اے کیو آئی 392 ریکارڈ ہوا۔
اعداد و شمار کے مطابق برکی روڈ پر ایئر کوالٹی انڈیکس 390، پنجاب یونیورسٹی میں 373 جبکہ واہگہ میں 256 ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں، جبکہ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 17 اور زیادہ سے زیادہ 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں ہوا کی رفتار تقریباً 3 کلومیٹر فی گھنٹہ رہے گی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد تک رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث فضائی آلودگی میں فوری کمی کے امکانات محدود ہیں۔