وزیراعظم شہباز شریف کے نوٹس لینے کے بعد چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید نے تربیلا فائیو توسیعی پن بجلی منصوبے کی متاثرہ ٹنل کا دورہ کیا اور حادثے کی ممکنہ وجوہات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ چیئرمین واپڈا نے واقعے کی جامع محکمانہ انکوائری کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ کنسلٹنٹس کو جلد تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
واپڈا ترجمان کے مطابق چیئرمین واپڈا کو ٹنل کا کمزور حصہ منہدم ہونے کے واقعے، اسباب اور اب تک کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے حادثے سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات یقینی بنانے اور منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کم کرنے کے لیے ہنگامی حکمت عملی تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ حادثے کے باوجود تربیلا ڈیم کے مرکزی ڈھانچے اور اہم تنصیبات کو کوئی خطرہ نہیں ہے، جبکہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ تربیلا فائیو توسیعی پن بجلی منصوبہ عالمی بینک اور ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے مالی تعاون سے تعمیر کیا جارہا ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے قومی نظام میں 1530 میگاواٹ بجلی شامل ہوگی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ٹنل کا کمزور حصہ منہدم ہونے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔ وزیراعظم نے حادثے کے اسباب، پس منظر، نقصانات اور ذمہ داریوں کے تعین سے متعلق تمام حقائق پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔