لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن نظام سے اربوں روپے کی بجلی غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ایک سال کے دوران 87 کروڑ یونٹس بجلی چوری ہونے سے قومی خزانے کو تقریباً 38 ارب روپے کا نقصان پہنچا۔
آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی جانب سے لیسکو کے مالی نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کر دی گئی ہے، جس میں سال 2024-25 کے دوران بجلی کے نظام سے مجموعی طور پر 87 کروڑ یونٹس غائب ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اس حوالے سے رپورٹ لیسکو حکام کو بھجوا دی گئی ہے۔
دستاویزات کے مطابق لیسکو نیپرا کی جانب سے مقرر کردہ اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا، جس کے باعث کمپنی کو اربوں روپے کے مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ رپورٹ میں بجلی چوری کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات نہ کیے جانے کو بھی خسارے کی اہم وجوہات میں شامل کیا گیا ہے۔
آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کے مطابق بجلی چوری کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے کے باعث لیسکو کے ترسیلی و تقسیمی نظام میں بھاری مقدار میں بجلی ضائع ہوئی، جس کا مالی بوجھ کمپنی کو برداشت کرنا پڑا۔