مصنوعی ذہانت کی کمپنی اینتھروپک کے سربراہ ڈاریو اموڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی مدد سے آئندہ 10 سال سے بھی کم عرصے میں کینسر، الزائمر، دل کی بیماریوں اور ذہنی امراض پر قابو پایا جا سکے گا۔
ان کے مطابق AI طبی تحقیق، نئی ادویات کی تیاری اور علاج کے عمل میں غیر معمولی تیزی لا سکتی ہے۔ اس نوعیت کی امیدوں کا اظہار گوگل کے ڈیماس ہسابیس اور ایلون مسک بھی کر چکے ہیں، جہاں ہسابیس کے مطابق الفا فولڈ جیسے نظام ادویات کی تیاری کے 10 سالہ عمل کو چند ہفتوں میں محدود کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
دوسری جانب، طبی ماہرین اور دوا ساز کمپنیوں نے ان پیش گوئیوں کو غیر حقیقی قرار دیتے ہوئے شدید اختلاف کیا ہے۔
ورٹیکس فارماسیوٹیکلز کے چیئرمین جیف لیڈن کے مطابق ان کی کمپنی نے 50 AI نظاموں کے ذریعے 10 ہزار ادویاتی مرکبات کا جائزہ لیا لیکن کوئی بھی خود سے مؤثر دوا تیار نہیں کر سکا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کمپیوٹر پر کسی دوا کی نشاندہی صرف ابتدائی قدم ہے، جبکہ لیبارٹریز، جانوروں اور انسانوں پر طبی آزمائشوں (Clinical Trials) سمیت سرکاری منظوری کا عمل 10 سے 12 سال لیتا ہے جسے AI مکمل ختم نہیں کرسکتی۔ 2026 تک AI سے تیار کردہ کسی دوا کو وسیع پیمانے پر استعمال کی منظوری نہیں مل سکی ہے، اس لیے ماہرین نے تمام بڑی بیماریوں کے فوری خاتمے کے دعوؤں کو احتیاط سے دیکھنے کا مشورہ دیا ہے۔