پی پی ایل کا سوئی فیلڈ میں 6 ہزار میٹر گہرا کنواں کھودنے اور پیداوار بڑھانے کا بڑا منصوبہ

image

پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے ملک میں پرانے فیلڈز سے پیداوار کی کمی کو دور کرنے کے لیے مالی سال 2027-28 میں سوئی گیس فیلڈ میں 6 ہزار میٹر گہرا تحقیقی کنواں کھودنے کا منصوبہ تیار کیا ہے، جس کا ابتدائی ہدف 2 ٹریلین مکعب فٹ (ٹی سی ایف) گیس کے ذخائر کی تلاش ہے۔

عارف حبیب لمیٹڈ کی رپورٹ کے مطابق تجزیہ کاروں کے بریفنگ سیشن میں بتایا گیا کہ بلند درجہ حرارت اور دباؤ کی صورتحال کے حامل اس منصوبے پر 3 کروڑ 50 لاکھ سے 4 کروڑ ڈالر کے سرمایہ جاتی اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

کمپنی کا مقصد پرانے فیلڈز سے سالانہ 8 سے 9 فیصد کی شرح سے ہونے والی قدرتی کمی کو پورا کرنا ہے۔ اس حکمت عملی کے تحت کمپنی کی پیداوار مالی سال 2025-26 کے 64 کروڑ 90 لاکھ مکعب فٹ گیس کے مساوی یومیہ (ایم ایم ایس سی ایف ڈی ای) سے بڑھ کر مالی سال 2027-28 میں تقریباً 68 کروڑ مکعب فٹ یومیہ تک پہنچنے کی توقع ہے۔

مالی سال 2026-27 کے دوران پیداوار میں مزید 3 کروڑ 30 لاکھ مکعب فٹ یومیہ اضافے کا امکان ہے، جو ناشپا میں بارگ زئی، لطیف-25، ماکوری ایسٹ، تولنج ویسٹ اور کِرتھر بلاک میں رحمان-9 کی دریافتوں اور ترقیاتی سرگرمیوں سے حاصل ہوگا۔

پی پی ایل انفراسٹرکچر کی توسیع پر بھی کام کر رہی ہے، جس کے تحت ظفیر گیس پروسیسنگ پلانٹ دسمبر 2026 تک فعال ہوگا جہاں ابتدائی طور پر 2 کروڑ اور دوسرے مرحلے میں 4 کروڑ مکعب فٹ یومیہ گیس فراہم کی جائے گی؛ اس منصوبے میں پی پی ایل کا حصہ 65 فیصد ہے۔

علاوہ ازیں سجاول میں زیر تعمیر پٹیجی گیس پروسیسنگ پلانٹ جون 2027 تک مکمل ہوگا، جس سے روزانہ 1 کروڑ 60 لاکھ مکعب فٹ اضافی گیس اور تقریباً 8 ارب روپے کی آمدن حاصل ہونے کی توقع ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US