غزہ میں جنگ بندی کے باوجود خونریزی تھم نہ سکی۔ اسرائیلی فوج کی تازہ کارروائی میں خان یونس کے ناصر اسپتال کو نشانہ بنایا گیا، جہاں ایک ڈاکٹر سمیت پانچ فلسطینی جان کی بازی ہار گئے جبکہ 20 افراد زخمی ہوئے۔
غزہ کی سول ڈیفنس کے ترجمان محمود باسل کے مطابق صبح کے وقت ناصر اسپتال کے سرجری وارڈ پر فضائی حملہ کیا گیا، جس سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔ جاں بحق ہونے والے ڈاکٹر کی شناخت سرجن رزق ابو شعیرہ کے نام سے ہوئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد بھی غزہ میں اسرائیلی کارروائیاں جاری ہیں اور اس دوران جاں بحق ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 1600 تک پہنچ چکی ہے۔ تازہ واقعے نے ایک بار پھر غزہ میں طبی مراکز اور وہاں موجود مریضوں و عملے کے تحفظ پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔