ایڈم نے تسلیم کیا کہ جن قتل کے مقدمات میں اس پر فردِ جرم عائد کی گئی ہے، وہ ’خاصے ہولناک‘ تھے۔’دن دیہاڑے حملے، ٹریفک جام میں فائرنگ۔۔ یہ سب کچھ ہو سکتا ہے۔ کبھی کسی شخص پر حملہ کرنا، اسے مارنا پیٹنا، اور کبھی اسے اس کی ماں کے سامنے اٹھا کر لے جانا اور گاڑی میں زندہ جلا دینا۔ میرے خیال میں میں اپنے جذبات پر قابو رکھتا ہوں اور ان حالات سے نسبتاً اچھی طرح نمٹ لیتا ہوں۔‘
ڈی زیڈ مافیا کی بدنام زمانہ ویڈیو بیانات میں سے ایک کا عکسانتباہ: اس تحریر میں سخت زبان اور جنسی تشدد کی تفصیلات شامل ہیں جو بعض قارئین کے لیے تکلیف دہ ہو سکتی ہیں۔
اگرچہ اس خاتون نے ابھی ایک منشیات فروش سے حشیش خریدی تھی، لیکن انھوں نے پولیس کو فون کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس کی وجہ یہ تھی کہ 2022 میں فرانس کے دوسرے بڑے شہر مارسیئے کے ایک رہائشی کمپلیکس میں مختصر ملاقات کے دوران نوجوان منشیات فروش نے غیر قانونی منشیات کے ساتھ انھیں ایک پرچی بھی تھما دی تھی۔
اس پر لکھا تھا: ’ہمیں یرغمال بنا کر رکھا گیا ہے اور ہمیں مدد چاہیے۔ ہماری عمر 15 سال ہے۔‘
فرانسیسی عدالت میں اس سال کے آغاز میں بتایا گیا کہ یہ نوعمر منشیات فروش ان دو لڑکوں میں سے ایک تھا جنھیں ایک گینگ نے قید کر رکھا تھا۔ دونوں لڑکوں نے ابتدا میں معاوضے والے کام کی تلاش میں اسی گینگ سے رابطہ کیا تھا، اگرچہ وہ کام غیر قانونی تھا۔
ایک لڑکے کو رقم سنبھالنے کی ذمہ داری دی گئی جبکہ دوسرا فریس والو سٹیٹ کے اطراف میں منشیات فروخت کرتا تھا۔ لیکن جلد ہی گینگ کے سربراہان نے انھیں آمدنی میں ’کمی‘ کا ذمہ دار قرار دیا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ اس کے بعد انھیں باقاعدگی سے مارا پیٹا جاتا رہا اور بلیک میلنگ کے طور پر کیمرے کے سامنے برہنہ ہو کر رقص کرنے پر مجبور کیا گیا۔ ایک لڑکے کے ساتھ ریپ بھی کیا گیا۔
پرچی ملنے کے چند گھنٹوں بعد دونوں لڑکوں نے دوسری منزل کی کھڑکی سے فرار ہونے کی کوشش کی جس میں وہ زخمی ہو گئے۔
ایک لڑکا فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جبکہ دوسرا پکڑا گیا، اسے مارا پیٹا گیا اور چاقو کے وار کیے گئے، تاہم وہ زندہ بچ گیا۔ بعد میں گرفتاریاں ہوئیں۔
لڑکوں میں سے ایک پر مبینہ تشدد کرنے والے شخص کے فون سے ملنے والی تصاویر میں کئی دوسرے نوجوان بھی اسی طرح کی ابتر حالت میں دکھائی دیے۔
اس واقعے کے بعد چھ افراد کو ان دونوں نوجوانوں کے ساتھ کیے گئے سلوک پر طویل قید کی سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔
یہ کہانی ظاہر کرتی ہے کہ فرانس کے دوسرے بڑے شہر کے بعض حصوں پر منشیات فروش گینگز کی گرفت کس قدر مضبوط ہے۔
بحیرہ روم کی ثقافت، سٹریٹ آرٹ اور ہپ ہاپ منظرنامے نے مارسیئے کو ایک مقبول سیاحتی مقام بنا دیا ہے، لیکن شہر کے مرکز سے باہر صورتحال بالکل مختلف ہے۔
کئی ماہ کی کوششوں کے بعد بی بی سی کی ایک ٹیم اس خطرناک دنیا تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی، جو اس ساحلی شہر کی غریب بستیوں اور بلند و بالا رہائشی عمارتوں کے گرد گھومتی ہے، جہاں پولیس بھی آسانی سے داخل نہیں ہوتی۔
ہم نے ایک ایسے ماحول کا مشاہدہ کیا جہاں بے رحم گینگز آسان آمدنی کا لالچ دے کر کمزور نوجوانوں کو پھنساتے ہیں، مگر آخرکار انھیں منشیات فروشی، تشدد اور استحصال کی دنیا میں قید کر دیتے ہیں۔
ہم نے دیکھا کہ گینگز قاتلوں کی بھرتی کے لیے سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں اور ہم نے ایسے کئی نوجوانوں سے بات کی جو اس تشدد کا حصہ بن چکے تھے۔
جیل سے ایک گینگ رکن، جس پر متعدد قتل کے واقعات میں ملوث ہونے کا الزام ہے، نے بتایا کہ اس کی ’سنگ دلی‘ نے اسے گینگ میں ترقی دلانے میں مدد دی۔
گینگ کے ایک رکن ’جو‘ کے مطابق وہ صرف 13 برس کی عمر میں ماہانہ تین ہزار یورو کما رہا تھا ’ڈی زیڈ‘ گینگ
شہر کا سب سے طاقتور گینگ، ’ڈی زیڈ‘ مافیا، ایک خونریز علاقائی جنگ میں کامیابی کے بعد اب فرانس کی سب سے خوفناک مجرمانہ تنظیموں میں شمار ہوتا ہے۔
ڈی زیڈ الجزائر کا سرکاری انٹرنیٹ کنٹری کوڈ ہے۔ گینگ کے بانیوں میں سے ایک فرانسیسی۔الجزائری نژاد مہدی لاریبی کو اس سال کے آغاز میں فرانسیسی وارنٹ کے تحت حراست میں لیا گیا تھا۔
فرانس کے انسداد منشیات سمگلنگ یونٹ کے سربراہ دیمتری زولاس کے مطابق 2023 میں یہ تنظیم اس وقت نمایاں ہوئی جب یہ سوشل میڈیا پر ویڈیو بیانات جاری کر کے اپنی شہرت کو ایک برانڈ کے طور پر استعمال کرنے والا پہلا فرانسیسی گینگ بنا۔
اس کا حالیہ بیان جولائی میں سامنے آیا جب ایک قریبی قصبے کے میئر کو پولیس کی حفاظت میں لے لیا گیا کیونکہ اطلاعات تھیں کہ وہ گینگ کے نشانے پر ہو سکتے ہیں۔
آن لائن ویڈیو میں سیاہ لباس اور نقاب پہنے چھ افراد ایک میز کے پیچھے کھڑے تھے جبکہ ان میں سے ایک نے بیان پڑھ کر سنایا جس میں ڈی زیڈ مافیا کے ملوث ہونے کی تردید کی گئی۔
فرانس میں غیر قانونی منشیات کی منڈی تیزی سے پھیل رہی ہے۔ کوکین کی درآمدات میں نمایاں اضافے کے ساتھ ساتھ بھنگ اور مصنوعی منشیات بھی بڑی مقدار میں دستیاب ہیں، جس کے نتیجے میں منشیات سے وابستہ جرائم پیشہ گروہوں کی سرگرمیوں اور اثر و رسوخ میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
زولاس کے مطابق فرانس میں کوکین استعمال کرنے والوں کی تعداد جلد 20 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ 2017 میں یہ تعداد صرف چھ لاکھ تھی۔
ان کے مطابق فرانس بھر میں منشیات کی سمگلنگ سے سالانہ سات ارب یورو کی آمدنی ہوتی ہے اور اس میں دو لاکھ افراد شامل ہیں۔
منشیات تقسیم کرنے والوں میں بڑی تعداد بچوں کی ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ اس کاروبار میں پھنسنے والے کم عمر افراد کی تعداد بڑھ رہی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2025 کے دوران 10 ہزار سے زیادہ بچے کسی نہ کسی شکل میں اس سرگرمی میں شامل تھے۔ ڈی زیڈ مافیا اس کی ایک نمایاں مثال ہے۔
زیادہ گاہکوں تک پہنچنے کے لیے اسے مزید ارکان، یعنی مزید بچوں، کی ضرورت ہے۔
ہم نے معلوم کیا ہے کہ اب یہ صرف منشیات فروشی نہیں بلکہ اغوا، تشدد اور قتل کے لیے بھی فرانس بھر سے نوجوانوں کو بھرتی کر رہی ہے۔
گینگ کے سرغنہ، جو اکثر جیلوں یا بیرونِ ملک بیٹھ کر اپنے نیٹ ورک چلاتے ہیں، اس نئی نسل کے نوجوانوں کو آسانی سے ورغلایا جانے والا اور ضرورت پوری ہونے پر ترک کر دیا جانے والا اثاثہ سمجھتے ہیں۔
پولیس اور ججوں کے مطابق، ایک بار جب یہ بچے مارسیئے کی جرائم پیشہ دنیا میں داخل ہو جائیں تو ان کے لیے اس ماحول سے نکلنا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے۔
کارین کو ایک ڈاکٹر کی جانب سے اس کے بیٹے ہیوگو کے بارے میں فون آیا: ’آپ کا بیٹا کل رات یہاں پہنچا۔ اس کے سر میں گولی لگی ہے۔‘’آپ کا بیٹا کل رات یہاں لایا گیا تھا، اس کے سر میں گولی لگی تھی‘
مارسیئے کی گینگز کی انسانی قیمت کو شاید ہی کوئی کارین برویار جتنا سمجھتا ہو۔
وہ فرانس کے دوسرے سرے پر رہتی ہیں، بحیرہ روم کے ساحل سے تقریباً زیادہ سے زیادہ ممکن فاصلے پر۔
ان کا بیٹا ہیوگو پہلی بار 15 سال کی عمر میں گھر سے بھاگ گیا تھا۔
خاندان سے جھگڑے کے بعد وہ شمالی فرانس کے ایک گاؤں سے نکل گیا اور تین دن بعد تقریباً ایک ہزار کلومیٹر دور مارسیئے میں پولیس کو ملا۔ اس کے پاس نقد رقم اور بھنگ تھی۔
پولیس اسے واپس گھر لے آئی۔ لیکن 2023 میں ہیوگو نے دوبارہ جنوب جانے کا منصوبہ بنایا اور والدین کو بتایا کہ اسے مارسیئے کے قریب ایک ریستوران میں نوکری ملی ہے۔
کارین یاد کرتے ہوئے کہتی ہیں: ’وہ باقاعدگی سے خبر دیتا تھا۔ وہ مجھے فون کرتا، سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا۔‘
تین ہفتے بعد ایک ڈاکٹر کا فون آیا۔ کارین کہتی ہیں کہ وہ اس کے الفاظ کبھی نہیں بھول سکتیں: ’آپ کا بیٹا کل رات یہاں لایا گیا تھا۔ اس کے سر میں گولی لگی تھی۔‘
پولیس کا خیال ہے کہ ہیوگو کو ایک ایسے علاقے سے طبی امداد کے لیے لایا گیا جو گینگ کے کنٹرول میں تھا، اور شبہ ہے کہ وہ کسی گینگ سے وابستہ تھا۔ یہ علاقہ کارتیے نور تھا۔
مارسیئے کے شمالی علاقے میں ڈی زیڈ مافیا کا اثر و رسوخ ہے۔ڈی زیڈ مافیا کا کارتیے نور پر اثر و رسوخ
کوارتیے نورد میں داخل ہونے کے لیے، جہاں ڈی زیڈ مافیا کا اثر و رسوخ قائم ہے، ہمیں مقامی رہائشی فادیلا اوئیدف کی مدد حاصل ہوئی، جو چار بچوں کی 41 سالہ ماں ہیں اور ہمیں علاقے کا دورہ کرواتی ہیں۔
رہائشی عمارتوں کے ایک کمپلیکس میں داخل ہونے کے صرف 37 سیکنڈ بعد ہی ہماری گاڑی کو روک لیا جاتا ہے۔
جیسے ہی فادیلا کی پیجو کار ایک گینگ کے قائم کردہ چیک پوائنٹ سے گزرتی ہے، گاڑیوں کے ہارن بجنے لگتے ہیں اور وہاں موجود نوجوان فوراً ہمارے کیمرے کو دیکھ لیتے ہیں۔
’رکیے، فلم بندی بند کر دیجیے،‘ فادیلا خبردار کرتی ہیں، اسی دوران ایک سرمئی رنگ کی فور بائی فور گاڑی ہمیں سڑک کے کنارے رکنے پر مجبور کر دیتی ہے۔
فادیلا ڈرائیور سے کہتی ہیں: ’میں اپنی ہاؤسنگ ایسوسی ایشن کے لیے ایک رپورٹ تیار کر رہی ہوں۔‘ کچھ سوال جواب کے بعد وہ شخص اس شرط پر ہمیں جانے کی اجازت دیتا ہے کہ ہم فلم بندی بند کر دیں۔
یہ منظر پریشان کن تھا کہ پولیس کے علاوہ ایک گاڑی اتنے اعتماد اور اختیار کے ساتھ ہماری نقل و حرکت روک رہی تھی، اور اس کے وہاں سے چلے جانے پر ہمیں سکون کا احساس ہوا۔
فادیلا کہتی ہیں: ’حال ہی میں گینگ پہلے سے کہیں زیادہ جارحانہ ہو گئے ہیں۔ ہم بس یہ کوشش کرتے ہیں کہ ہمارے نوجوان سمجھ سکیں کہ جو کچھ ہو رہا ہے وہ غلط ہے۔‘
فادیلا ان خدشات کی بھی عکاسی کرتی ہیں جو مقامی خاندانوں میں عام ہیں، یعنی یہ کہ بھاری رقوم کا لالچ دے کر ان کے بچوں کو جرائم کی دنیا میں کھینچا جا رہا ہے، ایک ایسا راستہ جو ان کی معصومیت چھین لیتا ہے۔
کمیل، جو ’ڈی زیڈ مافیا‘ (DZ Mafia) چھوڑنے کا دعویٰ کرتا ہے، بی بی سی سے بات کرنے پر صرف اس شرط پر راضی ہوا کہ یہ گفتگو شہر سے دور ایک کشتی پر کی جائے۔’انھیں میری بے رحمی نے متاثر کیا‘
پیسے کی کشش ہی ایک نوجوان کو کم عمری میں ڈی زیڈ مافیا کا حصہ بننے کی طرف لے گئی۔
سکیورٹی وجوہات اور انٹرویو دینے والوں کو کھل کر بات کرنے کا موقع دینے کے لیے ہم نے ان کی شناخت مخفی رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
کمیل نامی نوجوان نے ہمیں بتایا کہ وہ گینگ میں ترقی کرتے ہوئے اس مقام تک پہنچا جہاں اسے مافیا کے زیرِ کنٹرول ایک علاقے میں سکیورٹی کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
اب 20 سال کے کمیل کا دعویٰ ہے کہ وہ گروہ چھوڑ چکا ہے۔ اگرچہ وہ ہماری موجودگی کے بارے میں خاصا محتاط تھا، تاہم اس نے بتایا کہ گینگ نوجوانوں کو کس طرح اپنی طرف راغب کرتا ہے۔
وہ کہتا ہے: ’انھیں معلوم ہوتا ہے کہ آپ کے ذہن میں کیسے جگہ بنانی ہے۔ آپ جو بھی چاہتے ہیں، وہ آپ کو فراہم کر دیتے ہیں۔‘
اس کے مطابق یہ مراعات مہنگی گاڑیوں اور کشادہ اپارٹمنٹس سے لے کر منشیات اور خواتین تک کچھ بھی ہو سکتی ہیں۔
کمیل کے بقول، ’جو کچھ وہ آپ کو دیتے ہیں، اس کے باعث آپ ان کے وفادار بن جاتے ہیں۔ پھر آپ آخر تک ان ہی کے ساتھ رہتے ہیں، چاہے انجام موت ہو یا جیل۔‘
وہ یہ بھی بتاتا ہے کہ اگر گینگ کو کسی نئے رکن کی کوئی کمزوری معلوم ہو جائے تو وہ اسے اپنے فائدے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
’وہ آپ کی کمزوری کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہیں۔ پھر آپ ان کے قابو میں آ جاتے ہیں، اور واپسی کا راستہ تقریباً ختم ہو جاتا ہے۔‘
دوسری جانب ایڈم (فرضی نام) نامی ایک اور رکن نے سنیپ چیٹ ویڈیو کال کے ذریعے بتایا کہ وہ کبھی ڈی زیڈ مافیا کے ایک قاتل دستے کا حصہ رہا ہے۔
ایڈم اس وقت متعدد قتل کے مقدمات میں ملوث ہونے کے الزام کے تحت جیل میں ہے اور مقدمے کا انتظار کر رہا ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ ’انھیں میری ثابت قدمی اور بے رحمی نے متاثر کیا، اور یوں میں خود بھی سمجھے بغیر گینگ میں اوپر جاتا چلا گیا۔‘
اس کے بقول، ’یہ میری دنیا بن گئی تھی، اور پھر مجھے اسی کے مطابق زندگی گزارنا پڑی۔‘
ایک دیوار پر’شکریہ، جلد ملیں گے‘ لکھا ہوا ہے، اور اسی کے ساتھ کوکین، چرس اور ماریجوانا کی قیمتوں کی فہرست بھی درج ہے۔’میں تو بس اس دیوار کی ایک اینٹ ہوں‘
گفتگو کے دوران ایڈم نے تسلیم کیا کہ جن قتل کے مقدمات میں اس پر فردِ جرم عائد کی گئی ہے، وہ ’خاصے ہولناک‘ تھے۔
وہ کہتے ہیں کہ ’دن دیہاڑے حملے، ٹریفک جام میں فائرنگ۔۔ یہ سب کچھ ہو سکتا ہے۔ کبھی کسی شخص پر حملہ کرنا، اسے مارنا پیٹنا، اور کبھی اسے اس کی ماں کے سامنے اٹھا کر لے جانا اور گاڑی میں زندہ جلا دینا۔ میرے خیال میں میں اپنے جذبات پر قابو رکھتا ہوں اور ان حالات سے نسبتاً اچھی طرح نمٹ لیتا ہوں۔‘
جب ہم نے ایڈم سے پوچھا کہ کیا اسے ایسی پرتشدد کارروائیوں پر پچھتاوا ہوتا ہے تو اس نے کہا کہ وہ ’کسی حد تک خود کو قصوروار محسوس‘ کرتا ہے، لیکن اسے کوئی ندامت نہیں۔
ان کے بقول: ’اگر میں یہ سب نہ کرتا تو میری جگہ کوئی اور یہ کام کرتا۔ میں تو بس اس دیوار کی ایک اینٹ ہوں۔‘
مارسیئے کے بہت سے دوسرے نوجوانوں کی طرح ایڈم بھی جانتے تھے کہ منشیات کی تجارت سے بہت جلد بڑی رقم کمائی جا سکتی ہے۔ اب اپنی 20 کی دہائی میں وہ تسلیم کرتے ہیں کہ جس دنیا میں وہ داخل ہوئے تھے، وہ دراصل ایک ’جال‘ تھا۔
سماجی رہائشی منصوبے کے ایک ایسے مقام پر، جہاں منشیات کی خرید و فروخت ہوتی ہے اور جسے ڈی زیڈ مافیا کنٹرول کرتی ہے، دیوار پر کوکین، چرس اور گانجے کی قیمتوں کی فہرستیں سپرے پینٹ سے لکھی ہوئی ہیں۔
یہ رہائشی کمپلیکس منشیات فروشوں کے لیے ایک قدرتی قلعے کی حیثیت رکھتا ہے۔ چونکہ اندر آنے اور باہر جانے کے لیے صرف ایک بڑی سڑک موجود ہے، اس لیے وہ گاہکوں کی آمد و رفت پر نظر رکھ سکتے ہیں اور پولیس کی موجودگی کا پہلے سے اندازہ لگا لیتے ہیں۔
ان علاقوں میں رات کے وقت خودکار ہتھیاروں کی فائرنگ کی آوازیں سنائی دینا کوئی غیر معمولی بات نہیں۔
کئی ماہ کی بات چیت کے بعد، ایک حریف گینگ کے منشیات فروشی کے مرکز کے منتظم نے بالآخر ہم سے اس جگہ ملاقات پر آمادگی ظاہر کی جہاں وہ کام کرتا ہے۔

ہم صبح سویرے اس رہائشی کمپلیکس میں داخل ہوتے ہیں۔ پرندوں کی چہچہاہٹ اور سکول جاتے بچوں کا منظر یہاں جاری بڑے پیمانے کی مجرمانہ سرگرمیوں کے بالکل برعکس محسوس ہوتا ہے۔
جو نامی نوجوان بتاتا ہے کہ جب وہ 13 سال کا تھا تو ماہانہ تقریباً تین ہزار یورو 3,000 یورو کماتا تھا۔ اب اس کے بقول اس کی ماہانہ آمدنی پانچ ہزار سے 10 ہزار یورو کے درمیان پہنچ چکی ہے۔
ایسا لگتا ہے کہ وہ اپنی زندگی کے اس راستے کو ایک طے شدہ قسمت سمجھتا ہے، اگرچہ یہ اس کے لیے منافع بخش بھی ثابت ہوا ہے۔
جب ہم نے جو سے پوچھا کہ کیا وہ اپنی گینگ کی تشدد آمیز کارروائیوں میں جان گنوانے والوں کے بارے میں سوچتا ہے تو 23 سالہ نوجوان نے ایسے دکھایا جیسے وہ منشیات کی تجارت سے جڑی تباہی اور انسانی نقصان کو بہت پہلے قبول کر چکا ہو۔
وہ کندھے اچکاتے ہوئے کہتا ہے: ’یہ لوگوں کو تباہ کر دیتا ہے، لیکن آخرکار ہر شخص اپنے فیصلے خود کرتا ہے۔‘
انسدادِ منشیات سمگلنگ یونٹ سے وابستہ زولاس کے مطابق جو کے گینگ اور ڈی زیڈ مافیا جیسی تنظیموں کی سرگرمیاں اب فرانسیسی قومی سلامتی کے لیے بھی خطرہ بن چکی ہیں۔
ان کے بقول منشیات کی تجارت کے نتیجے میں سڑکوں پر حادثات، گھریلو تشدد، ذہنی دباؤ، خودکشیاں اور ہر سال 700 سے زیادہ اوورڈوز کے واقعات پیش آتے ہیں، جبکہ یہ سرگرمیاں معیشت کو بھی متاثر کرتی ہیں۔
زولاس خبردار کرتے ہیں: ’ہم ایک ایسی صورتِحال کی جانب بڑھ رہے ہیں جہاں فوجداری نظامِ انصاف کو وسیع پیمانے پر ناکامی کا سامنا ہو سکتا ہے۔‘
پولیس کیا کہتی ہے؟
پولیس کو مارسیئے اور فرانس کے دیگر شہروں میں منشیات فروش گروہوں کے خلاف کارروائیوں میں کچھ کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔
حکام کے مطابق مجرمانہ نیٹ ورکس کی سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈالی جا رہی ہے، مزید سرغنہ افرادد کو گرفتار کیا جا رہا ہے اور بڑی مقدار میں منشیات ضبط کی جا رہی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 2024 سے اب تک ڈی زیڈ مافیا سے وابستہ تقریباً ایک ہزار افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں، جن میں سے 600 کو جیل بھیجا گیا ہے۔
تاہم مجموعی طور پر یہ ایک ایسی جنگ بنتی جا رہی ہے جو آسان ہونے کے بجائے مزید مشکل ہوتی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق جب گینگ اپنے نیٹ ورک کو وسعت دینے یا گرفتار اور ہلاک ہونے والے ارکان کی جگہ نئے افراد بھرتی کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو سوشل میڈیا ایک مؤثر بھرتی کے آلے کے طور پر سامنے آتا ہے۔ خاص طور پر کووڈ وبا کے بعد، جب سڑکوں پر ہونے والی منشیات کی بہت سی خرید و فروخت آن لائن منتقل ہو گئی تھی۔
سوشل میڈیا پر ہمیں مارسیئے میں ڈرائیوروں، کوریئرز اور قاتلانہ حملوں کے لیے افراد کی بھرتی سے متعلق بے شمار اشتہارات ملے، جن میں اکثر مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کی گئی پرکشش تصاویر استعمال کی گئی تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بھرتی کا دائرہ بھی اب مقامی علاقوں سے کہیں آگے بڑھ چکا ہے، کیونکہ مارسیئے کے نوجوان گینگ کلچر کے نتائج سے زیادہ واقف ہیں اور انھیں اپنی طرف راغب کرنا پہلے کے مقابلے میں مشکل ہو گیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ اشتہارات فرانس کے مختلف شہروں، جن میں پیرس، نانت اور لیل بھی شامل ہیں، کے نوجوانوں تک پہنچتے ہیں اور انھیں مارسیئے، خصوصاً کوارتیے نورد کی جانب کھینچنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق سوشل میڈیا پر ہونے والی بھرتیوں نے ان افراد کے روایتی خاکے کو بھی بدل دیا ہے جو گینگز میں شامل ہوتے ہیں۔
اب اکثر ایسے نوجوانوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے جن کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہوتا، لیکن وہ کسی نہ کسی کمزوری کا شکار ہوتے ہیں، مثلاً گھریلو مسائل یا مشکل خاندانی حالات۔
فرانس کے انسدادِ منظم جرائم یونٹ کے سربراہ تیبو فونتین کہتے ہیں: ’ایسے نوجوانوں کو بے ضمیر بھرتی کرنے والے لوگ ورغلا کر خطرناک ماحول میں دھکیل دیتے ہیں۔‘
ان کے مطابق مجرمانہ تجربے کی کمی کے باعث ایسے افراد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہاتھوں نسبتاً جلد پکڑے بھی جاتے ہیں۔
دوسری جانب کرین آج تک یہ نہیں جان سکیں کہ ان کے بیٹے ہیوگو کو کیوں قتل کیا گیا۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ مارسیئے میں بچوں اور نوجوانوں کو گینگوں میں بھرتی کرنے والے سرغناؤں سے کیا کہنا چاہیں گی تو ان کا جواب تھا: "وہ خاندان تباہ کر دیتے ہیں۔ چھوٹے بہن بھائی، دادا دادی، نانا نانی، سب متاثر ہوتے ہیں۔ لیکن سچ یہ ہے کہ مجھے نہیں لگتا کہ ان لوگوں کے پاس دل نام کی کوئی چیز بھی ہے۔‘
کرین کے مطابق جس ریستوران میں ہیوگو نے کام کرنے جانے کی بات کی تھی، وہ واقعی موجود تھا، تاہم وہاں کے عملے نے انھیں بتایا کہ انھوں نے ہیوگو نام کے کسی شخص کو کبھی ملازمت نہیں دی۔
ان کے بیٹے کی موت کی اصل وجہ غالباً مارسیئے کے کوارتیے نورد کی جرائم پیشہ دنیا میں ہی کہیں پوشیدہ ہے۔
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔