ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا، جبکہ حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے پاکستان ہر ممکن اقدام کرنے کو تیار ہے۔
عرب میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کو فوجی اہلکاروں کے ساتھ ساتھ دفاعی صلاحیتیں، تربیت اور لاجسٹک تعاون فراہم کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی فوجی اہلکار پہلے ہی سعودی عرب میں دفاعی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں اور دونوں ممالک کی مشترکہ فوجی مشقوں میں بھی حصہ لے رہے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد کے معاہدے پر عملی پیش رفت شروع ہو چکی ہے، جبکہ سعودی عرب پر حالیہ میزائل اور ڈرون حملے پاکستان کے لیے باعثِ تشویش ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے سعودی شہروں، ہوائی اڈوں اور شہری و معاشی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حملے سعودی عرب کی خودمختاری اور خطے کے استحکام کے لیے ناقابل قبول خطرہ ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔