اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں کی سماعت کے دوران وکلاء کو جیل میں ملاقات کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے دو صفحات پر مشتمل حکم نامہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ عمران خان سے ملاقات کے بعد وکلاء سیاسی معاملات پر گفتگو نہیں کریں گے اور ملاقات کو صرف قانونی امور تک محدود رکھا جائے گا۔
عدالت نے کہا کہ دونوں وکلاء سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ انتہائی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل ہیں، توقع ہے کہ وہ ملاقات کے بعد سیاسی معاملات پر بات نہیں کریں گے اور خود کو صرف قانونی معاملات تک محدود رکھیں گے۔
حکم نامے کے مطابق ایڈووکیٹ جنرل کی جانب سے وکلاء کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا انتظام کیا جائے گا، جس کا دورانیہ ایک گھنٹے سے کم نہیں ہوگا۔
عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں دائر اپیلوں کی پیپر بکس بھی سات روز میں تیار کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت کے مطابق وکلاء کی جانب سے دلائل کی تیاری کے لیے مزید وقت طلب کیا گیا تھا، جس پر ایک ہفتے کی مہلت دی گئی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم نامے کے مطابق لطیف کھوسہ نے مؤقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ ہونے کے باعث وہ دلائل دینے کی تیاری نہیں کرسکے، جبکہ سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ انہیں اپیل پر دلائل کے لیے ہدایات مل چکی ہیں تاہم ملاقات کا دورانیہ کم تھا۔
عدالت نے وکلاء کی استدعا منظور کرتے ہوئے دلائل کی تیاری کے لیے ایک ہفتے کا وقت دے دیا اور متعلقہ آفس کو ہدایت کی کہ اپیلوں سے متعلق پیپر بکس بھی سات روز کے اندر مکمل کی جائیں۔