لاہور میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے دوران شیر کا حملہ، نوجوان ہلاک

لاہور کے علاقے کاہنہ میں ایک بریڈنگ فارم پر ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے شیر کے حملے میں 19 سالہ نوجوان ہلاک ہو گیا۔ پولیس نے فارم مالک اور ٹک ٹاکر کو گرفتار کر لیا ہے۔
پاکستان شیر
AFP via Getty Images
فائل فوٹو

لاہور کے علاقے کاہنہ میں ایک نجی بریڈنگ فارم ہاؤس پر مبینہ طور پر ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے شیر کے حملے میں 19 سالہ نوجوان کی ہلاکت کے بعد پولیس نے واقعے کا مقدمہ شیر کے مالک اور ٹک ٹاکر کے خلاف درج کرکے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ہلاک ہونے والے نوجوان نوجوان طٰہٰ کے والد منیر احمدکی مدعیت میں درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ 11 نومبر کی شام تقریباً پانچ بجے پیش آیا۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہنعمان حسن نامی شخص فارم ہاؤس پر آیا وہاں موجود ’شیر کے ساتھ ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے لیے طٰہٰ کو بلایا۔‘ طٰہٰاس فارم ہاؤس پر ملازمت کرتے تھے۔

ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ نعمان حسن نے ’شیر کو پنجرے سے نکلوا کر ویڈیو بنانا شروع کر دی‘ اور اس دوران ’اچانک شیر نے میرے بیٹے پر حملہ کر دیا۔‘

منیر احمد کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے متن کے مطابق شیر کے حملے سے ان کا بیٹا شدید زخمی ہو گیا، جبکہ شور کی آواز سن کر فارم ہاؤس کے مالک فیاض عرف فیضی بھی وہاں آ گئے۔

ایف آئی آر میں درج کی گئی تفصیلات کے مطابق زخمی طٰہٰ کو نعمان حسن گاڑی میں ڈال کر سینٹرل پارک ہسپتال لے گئے جہاں ’میرا بیٹا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وفات پا گیا۔‘

مدعی منیر احمد کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ انھوں نے، ان کے دوسرے بیٹے ہاشم اور بھائی عبدالقیوم نے ’بچشمِ خود‘ یعنی اپنی آنکھوں سے دیکھا۔

ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ نعمان حسن نے شیر کو پنجرے سے نکال کر کھلا چھوڑا اور ٹک ٹاک ویڈیو بنائی، جس کے نتیجے میں شیر نے طٰہٰ پر حملہ کیا۔

مقدمے میں یہ بھی الزام لگایا گیا ہے کہ فارم ہاؤس کے مالک فیاض عرف فیضی نے مکمل حفاظتی انتظامات نہ کر کے غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کیا۔

ایف آئی آر کے مدعی منیر احمد نے استدعا کی ہے کہ ’ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کر کے مجھے انصاف مہیا کیا جائے۔‘

پولیس نے مقدمہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 289 اور 322 کے تحت درج کیا گیا ہے۔ جبکہ پنجاب وائلڈ لائف (پروٹیکشن، پریزرویشن، کنزرویشن اینڈ مینجمنٹ) ایکٹ 1974 کی دفعات 10۔اے اور 12 بھی شامل کی گئی ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے بی بی سی اردو کے عمیر محمود کو بتایا کہ فارم کے مالک اور ٹک ٹاکر کے علاوہ ایک ملازم کو بھی گرفتار کیا گیا ہے اور فارم سیل کر دیا گیا ہے۔

تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 289 جانور کے حوالے سے غفلت یا لاپروائی سے متعلق ہے اور ایسے معاملات میں لاگو ہوتی ہے جب کسی شخص کی تحویل میں موجود جانور کے حوالے سے غفلت یا احتیاطی تدابیر نہ برتنے کے نتیجے میں دوسروں کی جان یا سلامتی کو خطرہ لاحق ہو۔

اس جرم کی سزا چھ ماہ تک قید، تین ہزار روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔

دفعہ 322 (قتل بالسبب) ایسے فعل پر لاگو ہوتی ہے جو براہِ راست یا بالواسطہ طور پر کسی شخص کی موت کا سبب بنے۔ تعزیراتِ پاکستان کے مطابق اس جرم کا مرتکب شخص دیت ادا کرنے کا پابند ہو گا۔

جبکہ پنجاب وائلڈ لائف ایکٹ 1974 کی دفعات 10۔اے اور 12 جنگلی جانوروں کے تحفظ، ان کے قبضے اور استعمال کے قانونی ضوابط سے متعلق ہیں۔

پاکستان شیر
AFP via Getty Images

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد حقائق چھپانے کی کوشش کی گئی اور شیر کے حملے کو کتے کے حملے کے طور پر ظاہر کیا گیا، تاہم تحقیقات سے معلوم ہوا کہ نوجوان شیر کے حملے کا نشانہ بنا تھا۔

پولیس کے مطابق حملہ آور شیر کو فارم ہاؤس سے تحویل میں لے کر محکمہ جنگلی حیات کے حوالے کر دیا گیا ہے اور فارم کو سیل کر دیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے کے حوالے سے قانونی کارروائی جاری ہے اور اس بات کی بھی جانچ کی جا رہی ہے کہ شیر رکھنے کے لیے مطلوبہ اجازت نامے موجود تھے یا نہیں، حفاظتی انتظامات کس حد تک کیے گئے تھے اور آیا کسی سطح پر غفلت یا لاپروائی کا مظاہرہ کیا گیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق ’ٹک ٹاک کا شوق کسی انسانی جان سے بڑھ کر نہیں ہو سکتا‘ اور واقعے کی حقیقت چھپانے کی کوشش سمیت غفلت کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کی جائیں گی۔

انھوں نے کہا کہ ’شوق یا تفریح کے نام پر انسانی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔‘

نعمان حسن کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر نو لاکھ 28 ہزار سے زیادہ فالوورز ہیں اور انھوں نے مختلف شیروں کے ساتھ متعدد ویڈیوز اپ لوڈ کر رکھی ہیں۔

خیال رہے کہ یہ اپنی نوعیت کا کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔

لاہور میں اس سے قبل اس نوعیت کے کئی واقعات سامنے آ چکے ہیں، جہاں رہائشی علاقوں کے اندر گھروں میں پالے ہوئے شیروں کے حملوں میں لوگ زخمی ہوئے ہیں۔

رواں سال جنوری میں لاہور شہر میں پالتو شیروں کے حملوں میں دو بچوں کے زخمی ہونے کے واقعات سامنے آئے تھے۔ ایک واقعے میں ایک کمسن بچے کا بازو ایک پالتو شیر نے چبا ڈالا تھا اور زندگی بچانے کے لیے اس کا بازو کاٹنا پڑا تھا۔

دوسرے واقعے میں گلی میں موجود ایک بچی اس وقت زخمی ہوئی جب رکشے کے ذریعے کہیں منتقل کیا جانے والا ایک پالتو شیر باہر نکل آیا اور بچی پر حملہ آور ہو گیا۔

ان واقعات کے بعد صوبہ پنجاب کی حکومت نے افزائش نسل کی غرض سے شیر پالنے کے اجازت نامے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ورلڈ وائڈ فنڈ فار نیچر (ڈبلیو ڈبلیو ایف) پاکستان کی ڈائریکٹر بائیو ڈائیورسٹی عظمیٰ خان نے رواں سال جنوری میں بی بی سی کو بتایا تھا کہ صوبہ پنجاب میں لگ بھگ 584 بڑی بلیوں کی نوع کے جانور موجود ہیں، ’جو لوگوں نے گھروں یا فارمز میں پالتو جانوروں کے طور پر پالے ہوئے ہیں۔ ان میں 358 شیر، 194 چیتے اور 10 جیگوار یا تیندوے شامل ہیں۔‘

پاکستان شیر
AFP via Getty Images

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی بیشمار ویڈیوز میں اکثر یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ لوگ شیروں کو اپنے ڈرائنگ رومز میں اپنے ساتھ رکھ کر بیٹھے ہیں یا انھوں نے گھروں کے اندر ہی ان کو زنجیروں سے باندھ رکھا ہے۔

بعض ویڈیوز میں بہت سے لوگ ان شیروں کے ساتھ تصاویر بنواتے یا ٹک ٹاک کی ویڈیوز بناتے ہوئے نظر آتے ہیں۔

میاں ضیا شیروں کے بریڈر ہیں اور انھوں نے رائل وائلڈ لائف فارم کے نام سے لاہور میں اپنا فارم بنا رکھا ہے۔

انھوں نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ ’شیر پالنے سے پہلے وائلڈ لائف محکمے کے لوگ آتے ہیں، وہ باقاعدہ انسپیکشن کرتے ہیں اور پھر آپ کو لائسنس لینا ہوتا ہے۔ اس کے بعد ہی آپ شیر پال سکتے ہیں اور وہ بھی صرف فارم کے اندر جو کہ رہائشی علاقے سے باہر ہوتا ہے۔‘

ایس او پیز کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ محکمہ وائلڈ لائف کی طرف سے دی گئی ایس او پیز کے مطابق شیروں کے لیے بریڈنگ فارم کا رقبہ کم از کم 10 ایکڑ ہونا چاہیے۔ ’ان کے لیے بنائے گئے انکلوژر یا پنجرے کی اونچائی کم از کم 12 فٹ ہونا ضروری ہے۔‘

میاں ضیا کے مطابق اس کے ساتھ ساتھ فارم کے اندر ’سکیورٹی کے انتظامات مکمل ہونا ضروری ہیں تاکہ اگر کوئی جانور غلطی سے بھی باہر نکل جاتا ہے تو وہ کوئی نقصان نہ کر پائے۔‘

ان کے مطابق دیگر اقدامات کے ساتھ ساتھ ’فارم پر ڈارٹ گن یا ٹرینکیولائزر گن موجود ہونی چاہیے تا کہ اگر کوئی شیر غلطی سے باہر نکل آئے تو اس کو ڈارٹ سے بیہوش کیا جا سکے اور واپس اس کے انکلوژر میں ڈال دیا جائے۔‘

ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کی ڈائریکٹر بائیو ڈائیورسٹی عظمیٰ خان کے مطابق صوبہ پنجاب میں جو 584 شیر اور چیتے وغیرہ پالتو جانوروں کے طور پر پالے جا رہے ہیں وہ صوبہ بھر کے 18 اضلاع میں موجود لگ بھگ 179 بریڈنگ فارمز سے آئے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ ’شیر، چیتے اور ان کی انواع کے دیگر جانور پاکستان کے مقامی جانور نہیں ہیں۔ یہ ایگزاٹک جانور ہیں یعنی یہ بیرون ممالک کی انواع ہیں، اس لیے ان کو درآمد کیا جاتا ہے۔‘

Getty Images
Getty Images
پولیس اور وائلڈ لائف محکمے نے نجی طور پر شیر پالنے والوں اور شیروں کے بریڈنگ فارمز چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاون کیا ہے

عظمی خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جنگلی حیات کے قوانین صرف مقامی انواع کے جانوروں کو حفاظت فراہم کرتے تھے، ’ایگزاٹک جانوروں کے لیے قوانین موجود نہیں تھے۔‘

ڈائریکٹر بائیو ڈائیورسٹی ڈبلیو ڈبلیو ایف عظمی خان کے مطابق ’وائلڈ لائف محکمے والے لوگ کہتے تھے کہ یہ ان کا مینڈیٹ نہیں ہے اس لیے وہ ان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لے سکتے۔‘

یوں آہستہ آہستہ لوگوں نے یہ شیر اور چیتے وغیرہ منگوا کر مقامی طور پر ان کی افزائش نسل شروع کر دی۔

عظمی خان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد وائلڈ لائف کے قوانین میں نظرثانی کی گئی اور اس میں انتظام کیا گیا کہ ’جو لوگ ان کو منگوا کر ان کی افزائش نسل کرنا چاہتے ہیں انھیں فارمز بنا کر وہاں ان کو پالنے کی اجازت دی جائے۔‘

عظمی خان کہتی ہیں کہ ان کا ادارہ ڈبلیو ڈبلیو ایف ان جانوروں کی اس قسم کی خرید و فروخت اور ان کو رہائشی علاقوں میں پالنے کے حق میں نہیں ہے اور اس کی مخالفت کرتا رہا ہے۔

’یہ خطرناک جانور ہیں جو حملہ آور ہو سکتے ہیں اور یہ جانوروں کی اپنی فلاح و بہبود کے لیے بھی درست نہیں ہے۔‘

پالتو شیروں کے لوگوں پر حملہ آور ہونے کے واقعات کے بعد پولیس اور وائلڈ لائف محکمے نے نجی طور پر شیر پالنے والوں اور شیروں کے بریڈنگ فارمز چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا، جس میں بہت سے شیر برآمد کر کے انھیں سفاری پارک بھجوایا گیا۔

ان کارروائیوں کے دوران بہت سی گرفتاریاں بھی ہوئیں جبکہ کچھ شیروں کو نجی بریڈنگ فارمز پر منتقل کیا گیا جو ایس او پیز کے تحت قانونی طور پر بنے ہوئے تھے۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کی ڈائریکٹر بائیو ڈائیورسٹی عظمی خان نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ گذشتہ برس پنجاب حکومت نے ایک پالیسی بنائی تھی، جس کے تحت ایک پبلک نوٹس کے ذریعے لوگوں سے یہ کہا گیا کہ جس کے پاس شیر ہیں وہ ڈکلیئر کریں یا سامنے لائیں۔

انھوں نے بتایا کہ اس کے بعد جن لوگوں نے شیر ڈکلیئر نہیں کیے اور چھپائے ان کے خلاف کریک ڈاون کیا گیا اور بہت سے شیر اور ان کے بچے قبضے میں لے کر سفاری پارکوں اور چڑیا گھروں میں بھجوا دیے گئے۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US