خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے 74 دہشت گرد ہلاک کردیئے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران گزشتہ 48 گھنٹوں میں 43 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ میر علی میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی جس میں 35 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ اورکزئی میں کارروائی کے دوران مزید 8 خوارج ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد اور آئی ای ڈیز برآمد کی گئیں۔ میر علی اور اورکزئی میں علاقے کو مزید دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشنز بھی جاری ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بلوچستان کے ضلع کوئٹہ کے علاقے کرم میں بھی 3 نومبر سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن جاری ہے، جس کے دوران اب تک 31 دہشت گرد ہلاک کیے جاچکے ہیں۔ کارروائیوں میں فتنۃ الخوارج کے متعدد ٹھکانے تباہ کیے گئے جبکہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف مہم پوری رفتار سے آگے بڑھائی جائے گی۔