فجیرہ میں خوفناک حادثہ، 14 افراد جاں بحق، پاکستانیوں سمیت 30 زخمی، کئی گاڑیاں آگ کی لپیٹ میں آگئیں

image

متحدہ عرب امارات کے شہر فجیرہ میں جمعرات کی رات ایک افسوسناک ٹریفک حادثے نے 14 افراد کی جان لے لی، جبکہ 30 افراد زخمی ہوگئے۔ شیخ خلیفہ بن زاید روڈ پر پیش آنے والے اس حادثے میں 18 گاڑیاں اور 5 ٹرک آپس میں ٹکرا گئے، جس کے بعد کئی گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔

فجیرہ پولیس کے مطابق حادثے کا آغاز اس وقت ہوا جب ایک ٹرک ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا۔ ٹرک دوسری گاڑی سے ٹکرا کر الٹ گیا اور اس کے نتیجے میں سڑک پر پہلے سے موجود متعدد گاڑیاں بھی حادثے کی زد میں آگئیں۔ ٹکر کے بعد لگنے والی آگ نے صورتحال مزید سنگین بنا دی۔

دوسری طرف ایک اور حادثے میں فجیرہ میں ایک بھارتی خاندان کے ساتھ پیش آنے والے المناک حادثے کی تفصیلات بھی سامنے آئی ہیں۔ بھارتی ریاست کیرالہ سے تعلق رکھنے والے اس خاندان کے 21 سالہ جڑواں بہن بھائی محمد اسمی صدیق اور مسنا جبین صدیق، جبکہ ان کا 3 سالہ بھانجا محمد فیض جاں بحق ہوگئے۔ خاندان شارجہ سے گھر واپس آرہا تھا کہ فجیرہ کورٹ ہاؤس کے قریب ان کی گاڑی ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں خاندان کے مزید 4 افراد زخمی ہوئے، جو اب خطرے سے باہر ہیں۔ ۔ تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ان کی گاڑی 23 گاڑیوں کے بڑے تصادم کا حصہ تھی یا یہ الگ حادثہ تھا۔

اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو اور طبی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ امدادی اہلکاروں نے زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا، جہاں 15 افراد کو علاج کے بعد گھر بھیج دیا گیا، جبکہ باقی زخمی زیرِ علاج ہیں۔

حکام کے مطابق متاثرین میں پاکستانی، بھارتی، اماراتی، عمانی، برازیلی، اردنی اور مصری شہری شامل ہیں۔ جاں بحق افراد میں بعض اماراتی شہریوں کی بھی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ دیگر کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

دبئی میں بھارتی قونصل خانے نے اپنے شہریوں کی اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کو تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اماراتی وزارتِ داخلہ نے بھی لواحقین سے تعزیت کی ہے۔

پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ حادثے سے متعلق غیر مصدقہ خبریں پھیلانے کے بجائے صرف سرکاری معلومات پر اعتماد کریں۔ یہ واقعہ ایک بار پھر شاہراہوں پر احتیاط، مناسب رفتار اور محفوظ فاصلے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US