وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ اور کانگریس میں ڈیموکریٹس: کیا پاکستان کیپیٹل ہل میں ’نئے دوست‘ بنا سکتا ہے؟

امریکہ میں وسط مدتی انتخابات کے بعد صدر ٹرمپ کی رپبلکن پارٹی کانگریس کا کنٹرول کھو چکی ہے اور اب یقیناً لوگوں کے ذہن میں یہ سوال ہوگا کہ اس کے اثرات پاکستان پر کیا مرتب ہوں گے۔ ابھی تک تو صدر ٹرمپ پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کو 'عظیم' رہنماؤں میں شمار کرتے رہے ہیں اور عاصم منیر ان کے ’پسندیدہ فیلڈ مارشل‘ رہے ہیں لیکن یہ صورتحال تبدیل بھی ہو سکتی ہے۔
Shehbaz Trump
Getty Images

امریکہ میں وسط مدتی انتخابات کے بعد صدر ٹرمپ کی رپبلکن پارٹی کانگریس کا کنٹرول کھو چکی ہے اور اب یقیناً لوگوں کے ذہن میں یہ سوال ہوگا کہ اس کے اثرات پاکستان پر کیا مرتب ہوں گے۔

ڈیموکریٹ صدر جو بائیڈن کے صدارتی دور میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات زیادہ تر مواقع پر سرد ہی نظر آئے: نہ کسی پاکستانی عہدیدار کو وائٹ ہاؤس مدعو کیا گیا اور نہ ہی دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فون کر گفتگو دیکھنے میں آئی۔

پھر امریکہ میں صدر ٹرمپ کا دوسرا دور صدارت شروع ہوا، انڈیا اور پاکستان کے درمیان جنگ ہوئی اور اسلام آباد کے مطابق واشنگٹن نے جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے جنوبی ایشیا میں لاکھوں افراد کی جانیں بچانے کا سہرا بھی صدر ٹرمپ کے سر پر ہی سجایا۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اتنی تیزی سے بہتر ہوئے کہ ٹرمپ کے ’پسندیدہ فیلڈ مارشل‘ عاصم منیر نے دو بار اور شہباز شریف نے ایک بار وائٹ ہاؤس کا دورہ کیا۔

پھر فروری 2026 میں ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد پاکستان اس معاملے میں بطور ثالث کردار ادا کرنے لگا اور امریکہ اور ایران کے درمیان دہائیوں بعد پہلی مرتبہ مذاکرات بھی اسلام آباد میں ہی ہوئے۔

Islamabad talks
Getty Images

اب صدر ٹرمپ مزید دو سال وائٹ ہاؤس کے رہائشی تو رہیں گے لیکن کانگریس میں رپبلکن پارٹی اپنی اکثریت کھو چکی ہے، جس کے بعد ٹرمپ انتظامیہ کے اختیارات کو چیلنجز کا سامنا ہونا تقریباً یقینی ہے۔

تاہم دونوں ممالک پر گہری نظر رکھنے والے مبصرین کا کہنا ہے کہ ماضی کے مقابلے میں واشنگٹن میں رونما ہونے والی سیاسی تبدیلیوں کا اثر شاید اب اسلام آباد پر زیادہ نہ پڑے۔ لیکن ایسا نہ ہونے کی وجوہات کیا ہیں؟

مشرق وسطیٰ میں جنگ اور پاکستان بطور ثالث

مبصرین سمجھتے ہیں کہ ایران پر حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ میں شروع ہونے والی جنگ نے پاکستان کو امریکہ کے نہایت قریب لا کھڑا کیا ہے، جس کے بعد واشنگٹن میں اسلام آباد کو ’مؤثر شراکت دار‘ کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

امریکی تھنک ٹین سٹمسن سینٹر سے منسلک ریسرچ فیلو ڈینیئل مارکی ’پاکستان نے خود کو وائٹ ہاؤس کے لیے ایک مفید شراکت دار کے طور پر پیش کیا ہے اور شاید سب سے زیادہ مؤثر انداز میں ایران کے ساتھ ہونے والے اہم مذاکرات کے تناظر میں۔‘

وہ سمجھتے ہیں کہ ’کانگریس میں ڈیموکریٹس بھی اس جنگ کے جلد خاتمے کے حامی ہیں، لہٰذا اگر پاکستان ان کے ایجنڈے کے لیے خود کو کارآمد ثابت کر سکے تو وہ کیپیٹل ہل میں کچھ نئے دوست بنا سکتا ہے۔‘

ماضی میں پاکستان میں جمہوریت، انسانی حقوق اور سیاسی و عسکری رسہ کشی پر امریکہ میں بھی آوازیں اُٹھتی رہی ہیں۔ تاہم ڈیموکریٹس کی کانگریس میں اکثریت کے باجود اب شاید ایسا نہ ہو۔

ڈینیئل مارکی کے مطابق ’یہ معاملات کانگریس میں ڈیموکریٹس کے ایجنڈے پر نہیں ہوں گے۔ زیادہ تر اراکین کانگریس اور سینیٹرز ایران کے خلاف جنگ ختم کرنے میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں اور دونوں جماعتوں کے لوگوں کو اس بات سے کم ہی فرق پڑتا ہے کہ کسی دوسرے ملک میں امور کیسے چلائے جا رہے ہیں۔‘

تاہم امریکی سیاست اور پاکستان کی خارجہ پالیسی پر تحقیق کرنے والے قائد اعظم یونیورسٹی سے منسلک اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد شعیب کہتے ہیں کہ ’ہم نے پاکستان میں انسانی حقوق کے حوالے سے کچھ تنقیدی تبصرے ابھی ہی دیکھے ہیں ڈیموکریٹس کی طرف سے اور سیاست میں پاکستانی فوج کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کے حوالے سے بھی۔‘

’ڈیموکریٹس پاکستان کی طرف اشارے کرتے رہیں گے، اس لیے نہیں کہ اسلام آباد ان کے لیے اہم ہے بلکہ اس لیے کیونکہ یہ ان کے ایجنڈے پر پورا اُترتا ہے اور ایک آسان کام ہے۔‘

Capitol Hill
Getty Images

تاہم ڈینیئل مارکی کی طرح ڈاکٹر محمد شعیب بھی سمجھتے ہیں کہ ایران اور امریکہ کے درمیان بطور ثالث کردار اسلام آباد کو ماضی کے مقابلے میں زیادہ کارآمد بناتا ہے۔

’پاکستان کا بطور ثالث کردار اسے اب بھی واشنگٹن سے قربت بڑھانے کی پالیسی پر گامزن رہنے کی جگہ فراہم کر سکتا ہے۔‘

کیا ڈیموکریٹس کی زیر اثر کانگریس پاکستان پر اثر انداز ہو سکتی ہے؟

ماضی میں متعدد بار یہ بات سننے میں آتی تھی کہ پاکستان میں سیاست اور ریاست کا انحصار اے، اے اور اے (یعنی اللہ، آرمی اور امریکہ) پر رہا ہے۔

تاہم دونوں تجزیہ کار سمجھتے ہیں کہ حالیہ برسوں میں پاکستان کا امریکہ پر انحصار کم رہا ہے اور اب واشنگٹن میں رونما ہونے والی سیاسی تبدیلیاں اسلام آباد پر اب زیادہ اثر انداز نہیں ہوتیں۔

ڈاکٹر محمد شعیب کہتے ہیں کہ پاکستان کی ’اندرونی کمزوریاں‘ اسے عالمی تبدیلیوں اور یقیناً واشنگٹن میں ہونے والی سیاسی تبدیلیوں کے اثرات کے لیے حساس بناتی ہیں، تاہم اس بار ان تبدیلیوں کے اثرات نسبتاً محدود رہنے کا امکان ہے۔

’پاکستان کا امریکہ پر وہ انحصار، جو سرد جنگ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران دیکھا گیا تھا، اب ختم ہو چکا ہے۔ اسی طرح پاکستان پر امریکی اثر و رسوخ بھی ماضی کے مقابلے میں کم ہو گیا ہے، جس سے پاکستان واشنگٹن میں ہونے والی سیاسی تبدیلیوں کے مقابلے میں زیادہ لچکدار ہو گیا ہے۔‘

اس انحصار کے کم ہونے کی ایک وجہ چین بھی ہے۔ ڈاکٹر شعیب کے مطابق پاکستان اگر جدید طیارے خریدنا چاہے گا تو کانگریس اس پر اثر انداز ہو سکتی ہے لیکن ’پہلے سے زیر استعمال ایف 16 پر اتنی سکروٹنی نہیں ہوتی۔‘

’اب ویسے بھی جدید طیاروں کے لیے پاکستان کا انتخاب چین ہے کیونکہ اس سے اسلام آباد کی ضروریات پوری ہو جاتی ہیں۔‘

سٹمسن سینٹر سے منسلک ڈینیئل مارکی بھی اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’کانگریس ہتھیاروں کے کسی بڑے معاہدے یا امدادی پیکج میں تاخیر یا اسے بالکل مسترد کرنے کی طاقت رکھتی ہے، تاہم چیزیں ابھی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل نہیں ہیں۔‘

’اس کے علاوہ سکیورٹی امور پر تعاون، سفارتی معاملات اور انٹیلیجنس شیئرنگ کانگریس کے دائرہ اختیار میں نہیں آتیں۔‘

کیا موجودہ تعلقات میں تبدیلی آ سکتی ہے؟

ابھی تک تو صدر ٹرمپ پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کو 'عظیم' رہنماؤں میں شمار کرتے رہے ہیں اور عاصم منیر ان کے ’پسندیدہ فیلڈ مارشل‘ رہے ہیں لیکن یہ صورتحال تبدیل بھی ہو سکتی ہے۔

ڈینیئل مارکی کہتے ہیں کہ ’اس وقت امریکہ اور پاکستان کے تعلقات کسی طور بھی ادارہ جاتی نوعیت کے نہیں ہیں۔ یہ تعلقات بہت حد تک شخصیات پر مبنی اور مفاداتی نوعیت رکھتے ہیں۔‘

’بنیادی طور پر یہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان قائم عملی ورکنگ ریلیشن شپ کا نتیجہ ہیں۔ جب صدر ٹرمپ اقتدار چھوڑیں گے تو یہ تعلقات نمایاں طور پر تبدیل ہو سکتے ہیں، یا حتیٰ کہ اس سے پہلے بھی اگر ان کی رائے بدل جائے یا وہ پاکستان کے حوالے سے اپنی برداشت کھو بیٹھیں۔‘

Trump
Getty Images

ڈینیئل مارکی کا مشورہ ہے کہ پاکستان کو امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کی پالیسی پر نظر ثانی کی تو ضرورت نہیں، لیکن اسے واشنگٹن میں مزید شراکت دار بھی تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔

’پاکستان کے ساتھ صدر ٹرمپ کے قریبی تعلقات اور کھلے عام ان کی شخصیت کے لیے اظہارِ پسندیدگی کانگریس میں بہت سے ڈیموکریٹس کو اسلام آباد کے بارے میں شکوک و شبہات میں مبتلا کر سکتی ہے، یا اس سے بھی زیادہ منفی ردِعمل پیدا کر سکتی ہے۔‘

ڈاکٹر محمد شعیب بھی پاکستان میں پالیسی سازوں کو اسی طرز کی صلاح دیتے ہوئے نظر آتے ہیں۔

’پاکستان کو واشنگٹن میں آنے والی اس تبدیلی کا زیادہ ادراک کرنا ہوگا، جہاں صدر ٹرمپ اب پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ کمزور پوزیشن میں ہیں۔‘

’ٹرمپ کی شخصیت کی جانب غیر معمولی توجہ اور ان کی مسلسل تعریف و توصیف کو کم کرنے کی ضرورت ہے، جبکہ مجموعی پاکستان۔امریکہ تعلقات کو آگے بڑھانے اور اجاگر کرنے پر زور دیا جانا چاہیے۔‘


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US