لاہور: نمبر پلیٹس چھپانے اور ردوبدل کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

image

پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی نمبر پلیٹس چھپانے یا ان میں ردوبدل کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا، جبکہ خلاف ورزیوں کی نشاندہی کے لیے جدید آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی کے ذریعے نگرانی مزید مؤثر بنادی گئی ہے۔

ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق ہاتھ، کپڑے، ٹیپ اور دیگر اشیاء کے ذریعے نمبر پلیٹس چھپانے کی متعدد خلاف ورزیاں سیف سٹی کیمروں میں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ اتھارٹی نے ایسی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی تصاویر بھی عوامی آگاہی کے لیے جاری کردی ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ نمبر پلیٹس چھپانے کے باوجود جدید اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی شناخت ممکن ہے، لہٰذا کیمروں کو دھوکا دینے کی کوشش کرنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے اور قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ پولیس حکام کو الرٹس بھی فراہم کیے جارہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق نمبر پلیٹ چھپانا صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نہیں بلکہ قانون سے بچنے کی دانستہ کوشش ہے۔ ایسی غیر ذمہ دارانہ حرکتیں سنگین حادثات اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بھی بن سکتی ہیں۔

سیف سٹیز اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی نمبر پلیٹس مقررہ ضوابط کے مطابق واضح اور درست رکھیں، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US