پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کی تنظیم نو کا فیصلہ، ماہر کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت

image

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کی تنظیم نو سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرنے، تجارتی استعداد بڑھانے اور عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بنانے کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

نائب وزیراعظم آفس کے مطابق اجلاس میں پی این ایس سی کو ایک مؤثر، تجارتی اعتبار سے مستحکم اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ میری ٹائم ادارے میں تبدیل کرنے کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر ادارے کی آپریشنل کارکردگی بہتر بنانے اور کارپوریٹ گورننس کو بین الاقوامی معیارات سے ہم آہنگ کرنے کی تجاویز بھی زیر بحث آئیں۔

اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ ادارے کی تنظیم نو کا عمل پیشہ ورانہ اصولوں اور عالمی معیار کے مطابق مکمل کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع لائحہ عمل تیار کرنے کے لیے عالمی شہرت یافتہ شپنگ اور مالیاتی مشیروں کی خدمات حاصل کی جائیں۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ تنظیم نو کا مقصد ادارے کی تجارتی آمدن میں اضافہ، پاکستان کی بحری تجارت اور لاجسٹکس کو مضبوط بنانا اور قومی اقتصادی مفادات کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے بحری امور، معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹری بحری امور اور متعلقہ وزارتوں و محکموں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US