اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل، ہائیکورٹ کا حکم امتناع جاری، انتخابی عمل رک گیا

image

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل کرتے ہوئے انتخابی عمل کے خلاف حکم امتناع جاری کردیا۔

جسٹس عمیر مجید ملک نے بلدیاتی انتخابات رکوانے سے متعلق درخواست پر سماعت کے بعد حکم امتناع جاری کیا۔ عدالت نے اس سے قبل درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل عادل عزیز قاضی نے مؤقف اختیار کیا کہ 2024 میں نئی حلقہ بندیاں کی گئیں، جس کے بعد بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری ہوا، تاہم 2026 میں نیا لوکل گورنمنٹ الیکشن آرڈیننس متعارف کرایا گیا، جس سے سابقہ انتخابی شیڈول اور حلقہ بندیوں کی قانونی حیثیت متاثر ہوئی۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نیا آرڈیننس کابینہ سے منظوری کے بعد پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا، جس میں میٹروپولیٹن کارپوریشنز کی تعداد ایک سے بڑھا کر تین کردی گئی، تاہم آرڈیننس ختم ہونے کے بعد پرانی حلقہ بندیوں کی بحالی کے بغیر ہی انتخابی شیڈول جاری کردیا گیا۔

جسٹس عمیر مجید ملک نے استفسار کیا کہ نئی حلقہ بندیاں کس قانونی حکم کے تحت کی گئیں؟ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ حلقہ بندیوں میں یونین کونسلز اور وارڈز کو اس طرح ملایا گیا ہے کہ بعض وارڈز میں ووٹرز کی تعداد انتہائی کم ہے۔ ایک وارڈ میں صرف دو افراد موجود ہیں، جبکہ امیدوار، تجویز کنندہ اور تائید کنندہ سمیت کم از کم تین افراد درکار ہوتے ہیں۔

عدالت نے اس نکتے پر بھی وضاحت طلب کی کہ تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کا اسی وارڈ سے ہونا قانونی طور پر لازمی ہے یا وہ پوری یونین کونسل سے بھی ہوسکتے ہیں۔

وکیل درخواست گزار نے مزید بتایا کہ انتخابی شیڈول جاری ہونے تک ووٹر لسٹیں فراہم نہیں کی گئی تھیں، جس کے باعث شہریوں کو اپنے متعلقہ وارڈز کا علم نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والوں کی تعداد بھی کم رہی، جس کے بعد کاغذات جمع کرانے کی تاریخ میں 8 تاریخ تک توسیع کی گئی۔

جسٹس عمیر مجید ملک نے ریمارکس دیئے کہ درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ انتخابی عمل جلد بازی میں اور قانون کے تقاضے پورے کیے بغیر آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ وکیل نے استدعا کی کہ امیدواروں کے بھاری اخراجات سے قبل انتخابی عمل روکنے کا حکم دیا جائے۔

عدالت نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ اگر کوئی امیدوار انتخابات پر کروڑوں روپے خرچ کرتا ہے تو اس حوالے سے عدالت کیا کر سکتی ہے؟ عدالت نے انتخابی اخراجات کے حوالے سے مبینہ بے ضابطگیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل کرتے ہوئے حکم امتناع جاری کردیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US