شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 16 خوارج ہلاک، پاک فوج کے 2 جوان شہید

image

شمالی وزیرستان اور گردونواح میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 16 خوارج ہلاک ہوگئے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران خوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ کارروائیوں میں علی خیل کے علاقے میں 12، میرعلی میں 2 اور دتہ خیل میں بھی 2 خوارج ہلاک ہوئے۔ ہلاک خوارج میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 2 افغان شہری بھی شامل ہیں۔

کارروائیوں کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ شہداء میں 43 سالہ حوالدار عصمت علی اور 32 سالہ نائیک آفتاب علی شامل ہیں۔ حوالدار عصمت علی کا تعلق ضلع صوابی جبکہ نائیک آفتاب علی کا تعلق ضلع مردان سے تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں سے خوارج کے نیٹ ورک کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔ ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ ہلاک دہشت گرد معصوم شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق عزمِ استحکام کے تحت ملک بھر میں انسداد دہشت گردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی اور غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاک فوج کے جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US