پنجاب میں ’متبادل نظام‘ کے خدشات اور سالک حسین کے الزامات: مریم نواز کا سخت ردِعمل کیا ظاہر کرتا ہے؟

پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے بعد اس وقت بظاہر پنجاب کے سیاسی منظرنامے پر ہلچل دکھائی دے رہی ہے۔ ایک وفاقی وزیر کے بیان سے بات شروع ہوتی ہے اور پھر وزیر اعلیٰ پنجاب کے ردعمل تک پہنچتی ہے اور پھر وفاقی وزیر دفاع اور وزیر داخلہ کے بیانات اس خیال کو مزید تقویت دیتے ہیں کہ اندرون خانہ یا اندرون پنجابسب ٹھیک نہیں چل رہا ہے۔

پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے بعد اس وقت بظاہر پنجاب کے سیاسی منظرنامے پر ہلچل دکھائی دے رہی ہے۔ یہ ہلچل خود حکومتی صفوں میں دیکھی جا سکتی ہے۔

یہ ایک وفاقی وزیر کے بیان سے بات شروع ہوتی ہے اور پھر وزیر اعلیٰ پنجاب کے ردعمل تک پہنچتی ہے اور پھر وفاقی وزیر دفاع اور وزیر داخلہ کے بیانات اس خیال کو مزید تقویت دیتے ہیں کہ اندرون خانہ یا اندرون پنجاب میں سب ٹھیک نہیں چل رہا ہے۔

اس پر خود پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنڈدانخان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کچھ ان الفاظ میں مہر ثبت کی ہے: ’جو بیانیہ بنایا جا رہا ہے میں اچھی طرح سمجھتی ہوں۔ الیکشن اب قریب آ رہا ہے اور کچھ لوگ بہت تیز ہو رہے ہیں۔ میں سب دیکھ رہی ہوں، جہاں سے اٹھ کر آتے ہیں، مجھے سب پتا ہے۔ یہ اپنی اگلی ارینجمنٹس کر رہے ہوتے ہیں، میں سب دیکھ رہی ہوں۔‘

مریم نواز کا یہ بیان یہاں تک ہی محدود نہیں ہے۔ انھوں نے وفاقی وزیر چوہدری سالک کا نام لیے بغیر ان پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’بھئی، تم لوگوں کو اتنا اعتراض ہے تو اس حکومت میں منسٹر بن کر کیوں بیٹھے ہوئے ہو؟ استعفیٰ کیوں نہیں دیتے اور گھر کیوں نہیں چلے جاتے؟‘

وزیر اعلیٰ نے یہ تک کہہ دیا کہ ان لوگوں کی تو ’پوری اپ برنگنگ‘ (تربیت) اس ماحول میں ہوئی ہے کہ کتنی رشوت لینی ہے، کتنا کٹ لینا ہے اور کتنا کمیشن لینا ہے۔ اور آج باہر بھی جا کر بیٹھے ہوئے ہیں، بھاگ کر۔ میں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ پنجاب میں کرپشن بالکل ختم ہو گئی ہے، لیکن کیا خیبر پختونخوا میں کرپشن نہیں تھی؟ کیا بلوچستان میں کرپشن نہیں ہے؟ کیا سندھ میں کرپشن نہیں ہے؟‘

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کی اب اس معاملے میں انٹری پوری بحث کو مزید معنی خیز بنا دیتی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ’میری سیاسی سمجھ بوجھ کے مطابق تو ایک متبادل نظام بنانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ جس کے تحت موجودہ حکومت کو بدنام کیا جائے تاکہ ایک نئی ٹیم سامنے پیش کی جا سکے۔ اس میں کچھ سرمایہ دار بھی شامل ہیں جو آج کل بڑے متحرک نظر آ رہے ہیں۔ پچھلے چھ، سات، آٹھ، دس مہینوں سے یہ لوگ کافی سرگرم ہیں۔ جب بھی انھیں محسوس ہوتا ہے کہ کوئی سیاسی بحران پیدا ہونے لگا ہے تو یہ لوگ ٓا جاتے ہیں۔‘

گذشتہ روز لاہور میں محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سسٹم تو سارا کا سارا ہی ری سیٹ ہونے والا ہے۔ کرپشن پر اگر کوئی یہ کہے کہ پاکستان میں کرپشن نہیں ہو رہی ہے تو معذرت کے ساتھ پورے پاکستان میں کرپشن موجود ہے جیسے ختم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اگر کہیں کرپشن ہے تو ہم اسے ثبوت کے ساتھ پکڑیں اور اس کا بندوبست کریں۔

اس معاملے پر مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے نجی میڈیا جینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہ ’2018 کے الیکشن سے پہلے بھی ایسے ہی شور مچا تھا۔ کرپشن کرپشن ہوئی تھی، لیکن بعد میں کسی بھی الزام کا ثبوت نہیں دیا گیا تھا۔‘

محسن نقوی
Getty Images

یہ معاملہ کب اور کیسے شروع ہوا؟

چوہدری سالک پر مریم نواز کی جانب سے کی جانے والی تنقید کے پس منظر کو دیکھیں تو وہ یہ معاملہ اس وقت شروع ہوا جب چوہدری سالک کی جانب سے ایک نجی چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ ’پنجاب میں کرپشن سے الماریاں بھری ہوئی ہیں۔‘

ان کے اس بیان کے بعد نہ صرف پنجاب حکومت کے رہنماؤں کی جانب سے ردِعمل آیا بلکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چوہدری سالک کے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے انھیں ہرجانے کا نوٹس بھی بھیجا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے اٹک میں ایک تقریب میں خطاب کے دوران دیے جانے والے بیان میں انھوں نے کہا کہ ’گجرات میں ڈی سی کو تبدیل کیا تو انھیں تکلیف صرف یہ ہے کہ ڈی سی گجرات ہماری مرضی کا کیوں نہیں لگا۔ تو مریم نواز شریف عوام کی امانت میں کسی کی مرضی نہیں چلنے دی گی۔ جھوٹے الزام میں نہیں سنوں گی۔ ثبوت ہے تو لاؤ۔ اور اگر یہ اتنی ہی کرپٹ حکومت ہے تو اس میں وزیر کیوں بن کر بیٹھے ہو؟‘

انھوں نے کہا کہ کوئی اگر ’عوام کی امانت میں خیانت کرے گا تو مریم نواز شریف اس کے حلق سے نکال کر لائے گی۔ میرے کسی منسٹر کے بارے میں اگر کوئی مجھے شکایت کرے، میرے پاس کوئی شکایت ثبوت کے ساتھ آ جائے کہ اس نے رشوت لی ہے یا کسی منصوبے میں کرپشن کی ہے اور یہ معاملہ میرے سامنے آ جائے، تو میں آج آپ سے وعدہ کرتی ہوں، قسم کھاتی ہوں کہ میں اسے بخشوں گی نہیں۔‘

بیانات کایہ سلسلہ یہاں تھما نہیں۔ چوہدری سالک نوٹس ملنے کے بعد بھی اپنے بیان پر قائم رہے اور مریم نواز کے نوٹس کا جواب قانونی دائرہ کار میں رہتے ہوئے دینے کا کہا۔ انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے ان سے دی جانے والی سکیورٹی کو بھی واپس لے لیا گیا ہے۔

انھوں نے اپنے ایک اور بیان میں کہا کہ ’جب مسلم لیگ ن کے ساتھ مخلوط حکومت بنی تھی اور وزارتوں کی تقسیم کا فیصلہ ہوا تھا کہ ہمیں کتنی وزارتیں دی جائیں گی، تو اس وقت یہ محترمہ موجود نہیں تھیں۔ ان کے بڑے موجود تھے۔ اگر ان کے بڑے کہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ ہم حکومت سے الگ ہو جائیں اور اس اتحاد کو ختم کر دیں، تو وہ ہم سے بات کریں۔‘

مریم نواز کا شدید ردعمل: کیا اصل مسئلہ بدعنوانی ہے یا کچھ؟

سینیئر صحافی اور تجزیہ کار سہیل ورائچ نے بی بی سی کو بتایا کہ ’مریم نواز کی حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے کسی کی بھی دو مختلف آرا ہو سکتی ہیں، لیکن اس وقت انھیں کوئی براہِ راست چیلنج درپیش نہیں ہے۔ البتہ جو لوگ ان پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، ان میں دو اہم معاملات شامل ہیں۔ ایک پوسٹنگ اور ٹرانسفر کا مسئلہ، جبکہ دوسرا نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے جاری تحریک ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’جہاں تک رہی بات چوہدری سالک حسین اور مریم نواز کی تو ان دونوں کی لڑائی سے پی ٹی آئی مضبوط ہوگی، اور یہ صورتِحال نظام کے مفاد میں نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نظام کے بڑے ذمہ داران ان دونوں کے درمیان صلح کروا دیں گے۔‘

سہیل وڑائچ کی رائے میں اس وقت بھی مریم نواز کی ذاتی مقبولیت اور کرشماتی اثر میں تو اضافہ ہوا ہے، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ پی ٹی آئی کا ووٹ بینک ٹوٹ گیا ہے۔ البتہ ان کی شخصیت کا یہ انفرادی اثر ضرور پروان چڑھا ہے، جس کا مظاہرہ ہم مختلف مقامات پر دیکھ رہے ہیں۔ کبھی وہ غصے کے ذریعے اپنے مخالفین کو دبانے کی کوشش کرتا ہے اور کبھی محبت اور نرمی کے ذریعے انھیں دباؤ میں لاتا ہے۔ لیکن دیکھنا یہ ہے کہ بالآخر اس حکمتِ عملی کا نتیجہ کیا نکلتا ہے؟

سہیل وڑائچ کے مطابق اگرچہ مریم نواز نے غصے کا اظہار کیا ہے، لیکن یہ لڑائی دونوں میں سے کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔ اس تنازعے کے نتیجے میں دونوں ہی کمزور ہوئے ہیں۔‘

Sharifs
Reuters

’کیا نظام ری سیٹ ہونے جا رہا ہے‘

لاہور میں ہی مقیم سینیئر صحافی سلمان غنی نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز ردعمل دیتی نظر آ رہی ہیں کیونکہ یقیناً یہ ان کی حکومت کی ساکھ کا مسئلہ ہے۔ ’انھیں معلوم ہے کہ اگر آج چوہدری سالک حسین ایسی بات کر رہے ہیں اور اگر انھوں نے اس کا مؤثر جواب نہ دیا تو کل دوسرے لوگ بھی بولنا شروع ہو جائیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ انھوں نے پہلے مرحلے میں ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرکے اپنی سنجیدگی ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ چوہدری سالک حسین کا معاملہ دراصل پاکستان مسلم لیگ ن کے ارکانِ اسمبلی کا بھی معاملہ ہے۔ ان کے مطابق مریم نواز نے پنجاب میں اقتدار سنبھالنے کے بعد اراکین اسمبلی کا جو اثرورسوخ تقرریوں تبادلوں سے متعلق تھا وہ ختم کر دیا ہے۔

سلمان غنی کی رائے میں اس فیصلے پر صرف پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ارکانِ اسمبلی اور اتحادیوں کے اندر بھی ردعمل موجود ہے۔ تاہم وہ خاموش صرف اس لیے ہیں کہ اس وقت پنجاب میں کوئی براہِ راست چیلنج نہیں ہے۔ اس لیے وہ کھل کر مریم نواز کے سامنے آنے کو تیار نہیں۔ یہ سب کچھ پسِ پردہ ہو رہا ہے۔

سہیل وڑائچ نے مزید کہا کہا کہ ’مجموعی طور پر جو کچھ بھی ہو رہا ہے، اس کے باوجود مارچ تک موجودہ سیٹ اپ میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ کچھ نہیں ہوگا۔ یہ ساری لڑائیاں بالآخر ختم ہو جائیں گی، کیونکہ یہ نظام کے مفاد میں نہیں ہیں۔ اور چونکہ سب ہی نظام کی بات مانتے ہیں، اس لیے بالآخر سب اکٹھے بیٹھ کر معاملات طے کر لیں گے، کھائیں پیئیں گے اور قانون سازی کریں گے۔‘

سہیل وڑائچ کے مطابق نظام کے اندر مختلف نقطۂ نظر رکھنے والے گروہ بھی موجود ہیں۔ ان مختلف گروہوں کے درمیان اپنی اپنی طاقت اور اثر و رسوخ حاصل کرنے کی کشمکش جاری ہے۔ پنجاب میں بعض لوگوں کا خیال ہے کہ ان کی بات نہیں سنی جاتی۔ اس معاملے میں کئی وفاقی وزرا بھی شامل ہیں اور پنجاب سے تعلق رکھنے والے کئی لوگ بھی اس کا حصہ ہیں۔

سہیل وڑائچ کے مطابق ’لہٰذا یہ دراصل آئندہ قیادت حاصل کرنے کی ایک کشمکش ہے۔ تاہم اگلی قیادت کے حوالے سے جو بھی فیصلہ ہونا ہے، وہ مارچ کے بعد ہوگا۔‘

ان کی رائے میں ’مارچ تک یہی صورتِ حال برقرار رہے گی۔ بالآخر سب کے درمیان صلح ہو جائے گی اور تمام فریق ایک ہی پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو جائیں گے۔‘

ان کے مطابق اگر نئے صوبے بننے ہیں اور ان کے اپنے وزیر اعلیٰ ہوں گے تو سب سے پہلے نئے صوبوں کی جغرافیائی حدود کے تعیّن پر تنازع کھڑا ہوگا۔ پھر اگر یہ معاملہ طے پا گیا تو آگے بات بڑھے گی، لیکن اگر طے نہ ہو سکا تو پھر یہ الگ بات ہے۔‘

سہیل وڑائچ کے مطابق ’اس کے لیے مذاکرات ہوں گے، سیاسی سمجھوتے ہوں گے اور مختلف اطراف سے دباؤ بھی ڈالا جائے گا۔ اس حوالے سے کئی امکانات موجود ہیں۔‘

ان کی رائے میں ’اگر نئے صوبوں کے قیام کے لیے قانون سازی ہوتی ہے تو اس کے ساتھ یہ بھی طے کرنا ہو گی کہ این ایف سی کا کیا ہوگا، اٹھارویں آئینی ترمیم کی کون سی شقیں واپس لی جائیں گی اور کون سی برقرار رہیں گی۔ انتطامی ری سٹرکچرنگ ہوگی۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’جب آپ 22 یا 20 یا 12 صوبے بنائیں گے تو اس کے لیے پورے نظام کی ازسرِنو تشکیل کرنا ہوگی۔ آئین میں تبدیلیاں آئیں گی، این ایف سی میں تبدیلیاں ہوں گی اور مشترکہ مفادات کونسل کے ڈھانچے میں بھی تبدیلیاں کرنا پڑیں گی۔ یہ سب آسان نہیں ہے۔‘

سہیل وڑائچ نے مزید کہا کہ جب پورا وفاقی اور صوبائی ڈھانچہ تبدیل ہوگا تو پھر تمام اختیارات اور وسائل کی تقسیم کیسے ہوگی؟ یہ تمام معاملات اپنی جگہ اہم ہیں۔

’پنجاب حکومت پر دباؤ کا مقصد 28ویں آئینی ترمیم ہے‘

تجزیہ کار سلمان غنی کے مطابق اس وقت پنجاب حکومت پر دباؤ ڈالنے کا مقصد اٹھائیسویں آئینی ترمیم ہے۔ اس معاملے میں حکومت کو دفاعی محاذ پر لانا مقصود ہے، کیونکہ ابھی تک پاکستان مسلم لیگ (ن) نے صوبوں کے حوالے سے کوئی واضح پالیسی اختیار نہیں کی بلکہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

ان کی یہ خاموشی بڑی معنی خیز ہے۔

سلمان غنی کے مطابق اس کی وجہ یہ ہے کہ سیاسی جماعتیں، خصوصاً دونوں بڑے سیاسی خاندان، کسی بھی صورت اس بات کے متحمل نہیں ہو سکتے کہ ان کے صوبے تقسیم کر دیے جائیں یا پورے صوبوں پر ان کا جو اختیار ہے، وہ ختم یا تقسیم ہو جائے۔ لہٰذا پنجاب حکومت پر اثر انداز ہونے کی ایک وجہ یہ بھی ہے۔'

انھوں نے مزید کہا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ ابھی تک نواز شریف اور شہباز شریف نے اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

’میں اپنے ذاتی علم کی بنیاد پر کہہ سکتا ہوں کہ نواز شریف اس معاملے پر کسی سمجھوتے کے لیے تیار نہیں ہوں گے۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔‘

ان کے مطابق دوسری طرف صوبے بنانے کے خواہش مند عناصر بھی براہِ راست سامنے آ کر کچھ نہیں کر رہے بلکہ اسی طرح کی حکمتِ عملی اور حربے استعمال کرتے نظر آ رہے ہیں۔ چونکہ پاکستان مسلم لیگ ن نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر ابھی تک کوئی واضح اور دوٹوک مؤقف اختیار نہیں کر رہی، لہٰذا ان معاملات کے ذریعے مریم نواز پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US