عمران خان کو سرجری کی ضرورت ہوئی تو حکومت طبی سہولت فراہم کرے گی،رانا ثنا اللہ

image

وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اگر ڈاکٹرز کے بورڈ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے لیے سرجری تجویز کی تو حکومت انہیں ہر ممکن طبی سہولت فراہم کرے گی۔

ایک انٹرویو میں رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان کے علاج کے معاملے میں کسی قسم کی غفلت نہیں برتی گئی، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق علاج کی تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز کے بورڈ کی جانب سے سرجری کی ضرورت قرار دی گئی تو حکومت اس حوالے سے بھی مکمل سہولت فراہم کرے گی۔

وزیراعظم کے مشیر نے سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ابتدا میں انتشار اور ہنگامہ آرائی کی طرف جانا چاہتی تھی، تاہم ناکامی کے بعد مذاکرات کی جانب آئی۔ حکومت نے معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کی کوشش کی لیکن پی ٹی آئی کی جانب سے تعاون نہیں کیا گیا۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ حکومت کی پالیسی واضح ہے کہ مسائل کو مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے، تاہم یہ تاثر درست نہیں کہ کسی ڈیل یا ڈھیل پر بات ہو رہی ہے۔

صوبوں کے معاملے پر ان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ جلد پارلیمنٹ میں آئے گا، جس پر تفصیلی بحث کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کے معاملے کا حل کسی ایک شخص کے فیصلے سے ممکن نہیں، اس پر پارلیمنٹ میں بحث اور غور کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US