یمن میں حوثی جنگجوؤں کی عدن کی جانب پیش قدمی اور سعودی حمایت یافتہ فوج کی پسپائی سے جڑے خدشات

سابق برطانوی سفارت کار نکولس ہوپٹن کے مطابق سعودی عرب کی حمایت یافتہ یمنی حکومت کے لیے جنگ اچھی نہیں جا رہی اور باقی دنیا کو بھی اس صورتحال پر تشویش ہونی چاہیے۔
Getty Images
Getty Images

ایران کے حمایت یافتہ حوثی جنگجوؤں نے بحیرۂ احمر کے ساحلی علاقے میں پیش قدمی کرتے ہوئے یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی فوج کو وہاں سے پسپا ہونے پر مجبور کر دیا ہے تاکہ وہ اپنی عبوری دارالحکومت عدن کا دفاع کر سکے۔ حوثی جنگجوؤں نے سنہ 2014 میں یمن کے بڑے حصے پر قبضہ کیا تھا۔

حوثی جنگجوؤں کی یہ پیش قدمی یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت، اس کے سعودی اتحادیوں اور اس کے نتیجے میں دنیا کے بیشتر حصوں کے لیے تشویش کا باعث ہے۔

یمن جزیرہ نمائے عرب کے انتہائی جنوب مغربی حصے میں واقع ایک پہاڑی، غریب اور قبائلی معاشرے کا حامل ملک ہے، جہاں اسلحے کی بھی بڑی تعداد موجود ہے۔

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں، 'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں

اس ملک کے دو ساحل ہیں۔ ایک بحرِ ہند کی جانب ہے، جہاں کبھی ایک خوشحال تجارتی بندرگاہ عدن واقع ہے، جبکہ دوسرا بحیرۂ احمر کی طرف ہے۔ اسی ساحل کے قریب اس سمندر کے جنوبی دہانے پر ایک اہم اور تنگ بحری گزرگاہ واقع ہے جسے باب المندب کہا جاتا ہے۔ انگریزی میں اس کا مطلب 'آنسوؤں کا دروازہ' ہے۔

اس آبنائے پر کنٹرول رکھنے والا فریق بحیرۂ روم اور بحیرۂ احمر سے بحرِ ہند کی طرف آنے جانے والے بحری جہازوں کی آمدورفت کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔

معمول کے حالات میں دنیا کی تقریباً 12 فیصد تجارت اس راستے سے ہوتی ہے اور روزانہ 70 سے 150 کے درمیان بحری جہاز یہاں سے گزرتے ہیں۔

لیکن اب صورتحال بدل چکی ہے۔ اگرچہ حوثی جنگجو کہتے ہیں کہ وہ بحری جہازوں کی آمدورفت کے لیے خطرہ نہیں ہیں، تاہم وہ اس وقت سعودی عرب کے ساتھ جنگ میں ہیں۔ اس لیے سعودی عرب کے لیے اپنے تیل بردار جہازوں کو حوثیوں کے زیرِ کنٹرول ساحلی علاقے کے قریب سے گزارنا انتہائی خطرناک ہو گیا ہے۔

فروری میں امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جنگ شروع کیے جانے کے بعد تہران نے جواباً آبنائے ہرمز کے ذریعے خلیج سے ہونے والی تیل کی تجارت کا بڑا حصہ روک دیا تھا۔ اس کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا، مہنگائی بڑھی اور دنیا بھر کی معیشتوں کو نقصان پہنچا۔

BBC
BBC

سعودی عرب نے اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے متبادل منصوبہ بنایا۔ ایران کے خطرناک ساحل کے قریب سے تیل بردار جہاز گزارنے کے بجائے، جہاں ایران کے پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے ڈرون حملوں یا سمندر میں بارودی سرنگیں بچھائے جانے کا خطرہ تھا، سعودی عرب نے اپنی مشرق مغرب پائپ لائن کے ذریعے خشکی کے راستے تیل بحیرۂ احمر پر واقع بندرگاہ ینبع تک پہنچانا شروع کر دیا، جہاں سے اسے برآمد کیا جاتا ہے۔ یہ منصوبہ کچھ عرصے تک کامیاب رہا۔

لیکن جولائی میں سعودی عرب اور حوثی جنگجوؤں کے درمیان قائم عارضی جنگ بندی ختم ہو گئی۔ اس کے بعد اس پائپ لائن کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا اور حوثی جنگجوؤں نے سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں اہداف پر میزائل اور ڈرون حملے شروع کر دیے۔

زمینی محاذ پر حوثی جنگجوؤں نے پیش قدمی کرتے ہوئے بحیرۂ احمر کے ساحل کے ساتھ تیزی سے جنوب کی جانب پیش قدمی کی، جس کے نتیجے میں یمنی فوج کو پسپائی اختیار کرنا پڑی۔ حکومت کی جانب سے جوابی کارروائی بھی بظاہر ناکام ہو گئی ہے اور اطلاعات ہیں کہ حوثی جنگجو اب باب المندب اور اس کے قریب واقع سمندری جزیروں پر مکمل کنٹرول رکھتے ہیں۔

نکولس ہوپٹن جو یمن اور ایران میں برطانیہ کے سابق سفیر رہ چکے ہیں اور اب برطانیہ میں قائم مڈل ایسٹ ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل ہیں، کہتے ہیں کہ ’یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت نے دوسرے علاقوں سے فوجیں واپس بلا کر عدن کے دفاع کو ترجیح دی ہے۔‘

ان کے مطابق اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی عرب کی حمایت یافتہ یمنی حکومت کے لیے جنگ اچھی نہیں جا رہی اور باقی دنیا کو بھی اس صورتحال پر تشویش ہونی چاہیے۔

انھوں نے خبردار کیا کہ اگر تقریباً 12 لاکھ 50 ہزار آبادی والا شہر عدن حوثی جنگجوؤں کے قبضے میں چلا گیا تو اس سے خطے کا بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے اور عالمی معیشت مزید عدم استحکام کا شکار ہو سکتی ہے۔ ان کے مطابق اس صورتحال کی ایک بڑی وجہ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری جنگ ہے۔

تاہم امریکہ میں قائم رسک ایڈوائزری فرم ’باشا رپورٹ‘ کے بانی اور یمنی شہری محمد الباشا کا خیال ہے کہ حوثی جنگجوؤں کے لیے مضبوط دفاعی حصار والے شہر عدن پر قبضہ کرنا آسان نہیں ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ عدن جیسے گنجان آباد شہر پر قبضے کی کسی بھی کوشش میں بڑی تعداد میں انسانی جانیں ضائع ہو سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ ساحلی علاقے کے ہموار میدانوں سے پیش قدمی کرنے والی حوثی فورسز فضائی حملوں کی زد میں بھی آ سکتی ہیں۔

Getty Images
Getty Images

محمد الباشا کے مطابق فی الحال حوثی جنگجو براہِ راست شہری حملے کے بجائے مذاکرات کے ذریعے حکومت سے ہتھیار ڈلوانے کی کوشش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ وہ جنوبی یمن کے مختلف دھڑوں کے درمیان اختلافات اور باہمی لڑائی سے فائدہ اٹھا کر کم جانی نقصان کے ساتھ اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

یہ بھی ممکن ہے کہ یمن کی جنگ کسی کم شدت مگر غیر تسلی بخش تعطل کا شکار ہو جائے۔ ایسی صورتحال میں ہلاکتوں کی تعداد تو کم ہو سکتی ہے، لیکن ملک حوثی جنگجوؤں کے زیرِ کنٹرول علاقوں اور سعودی حمایت یافتہ یمنی فوج کے مختلف دھڑوں کے درمیان تقسیم رہے گا۔

حوثی جنگجو ایران کے اتحادی ہیں اور ان کا تعلق شیعہ مکتبِ فکر سے ہے، جبکہ سعودی حمایت یافتہ یمنی فوج مختلف گروہوں پر مشتمل ہے جن میں سے بعض کی لڑنے کی خواہش بھی کمزور ہے۔

یمن میں برطانیہ کے سابق دفاعی اتاشی کرنل آئن سمائلز نے خبردار کیا ہے کہ حوثی جنگجوؤں کی حالیہ پیش قدمی سے تیل کی قیمتوں میں اچانک اضافہ ہو سکتا ہے، جیسا کہ ستمبر میں باب المندب پر ان کے قبضے کے بعد ہوا تھا۔

انھوں نے یہ بھی خبردار کیا کہ اس پیش قدمی کے اثرات یمن کی سرحدوں سے باہر بھی سلامتی کی صورتحال پر پڑ سکتے ہیں۔

کرنل سمائلز کے مطابق مغربی ساحلی علاقے پر کنٹرول بڑھانے سے حوثی جنگجوؤں کی ایران، افریقہ کے مشرقی ساحلی خطے اور دیگر علاقوں سے اسلحہ اور گولہ بارود اسمگل کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا، جس سے خطے کو مزید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اس کنٹرول کے ذریعے ایران اور حوثی جنگجو مشرقی افریقہ اور اس سے آگے بھی اپنا اثر و رسوخ بڑھا سکتے ہیں۔

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US