سیالکوٹ ایئرپورٹ پر نو سال سے کھڑے مسافر طیارے کو ’چار لاکھ ڈالر‘ میں نیلام کیوں کرنا پڑا؟

218 مسافروں کی گنجائش، 43 ہزار فٹ بلندی پر جانے کی صلاحیت اور 1991 سے کئی ایئرلائنز کے زیرِ استعمال۔۔۔ یہ ایک ایسے مسافر طیارے کی کہانی ہے جو قریب نو سال سے سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کھڑا ہے۔

218 مسافروں کی گنجائش، 43 ہزار فٹ بلندی پر جانے کی صلاحیت اور 1991 سے کئی ایئرلائنز کے زیرِ استعمال۔۔۔ یہ ایک ایسے مسافر طیارے کی کہانی ہے جو قریب نو سال سے سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کھڑا ہے۔

اس طیارے کا ماڈل دراصل بوئنگ 767-336 ای آر ہے جو کہ تھائی لینڈ کی نجی ایئرلائن جیٹ ایشیا ایئرویز کی ملکیت تھا۔ اسے اگست 2017 کے دوران سیالکوٹ ایئرپورٹ پر پارک کیا گیا اور یہ نو سال سے وہیں رہا۔

اطلاعات کے مطابق ایئرلائن کو مالی مشکلات کا سامنا تھا اس لیے اسے اپنا فلائٹ آپریشن بند کرنا پڑا جبکہ تھائی سول ایوی ایشن کی ویب سائٹ کے مطابق اس ایئرلائن کا لائسنس منسوخ کر دیا گیا تھا۔

لیکن اب سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ عدالتی حکم پر نومبر 2026 کے دوران اس کی نیلامی کامیاب ہو چکی ہے۔ اس نیلامی میں جہاز کی ریزرو پرائس چار لاکھ ڈالر مقرر کی گئی تھی۔

ترجمان سیالکوٹ ایئرپورٹ عمیر خان نے بی بی سی کو بتایا کہ ایک خریدار نے چار لاکھ ڈالر سے زیادہ کی بولی لگائی تھی جسے منظور کر لیا گیا ہے۔

عدالتی حکم پر کھلی نیلامی

'سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ بنام جیٹ ایشیا' نامی یہ کیس 2022 سے سیالکوٹ کی ایک عدالت میں زیرِ التوا ہے۔

اس کیس میں سیالکوٹ ایئرپورٹ کا یہ موقف رہا ہے کہ طیارہ کئی برسوں سے اس کی حدود میں پارک رہا ہے اور اس کی مد میں پارکنگ فیس سمیت دیگر واجبات ادا نہیں کیے گئے۔

اکتوبر میں اس جہاز کی نیلامی میں دیے گئے اشتہار میں کہا گیا ہے کہ یہ نیلامی سمبڑیال کے سول جج عمر نواز وڑائچ کے عدالتی حکم کے تحت کی جا رہی ہے۔ نیلامی میں حصہ لینے کے لیے بولی لگانے والوں کو سیالکوٹ ایئرپورٹ کو 25 ہزار روپے کی انسپیکشن فیس جمع کرانا تھی۔ چھ نومبر کو نیلامی کا دن مقرر کیا گیا تھا۔

اس کی انسپیکشن کے لیے 26 اکتوبر سے چار نومبر کی تاریخیں مقرر کی گئی تھیں۔ اشتہار کے مطابق انسپیکشن اور نیلامی کے روز کیمرا اور موبائل فون لانے کی اجازت نہیں تھی۔

نیلامی میں حصہ لینے والوں کو پانچ لاکھ روپے جمع کرانا تھے جو کہ ناکامی میں صورت میں واپس کر دیے جائیں گے۔

اس نیلامی کے اشتہار میں جہاز کی ریزرو پرائس چار لاکھ ڈالر مقرر کی گئی تھی۔

حکام نے اس جہاز کی خصوصیات کے بارے میں بتایا کہ اس میں 218 مسافروں کی گنجائش ہے، یہ 43 ہزار فٹ بلندی پر جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور 1991 سے کئی ایئرلائنز کے زیرِ استعمال رہ چکا ہے۔

یہ 1991 میں ایک نئے طیارے کے طور پر برٹش ایئرویز کو ڈیلیور کیا گیا، پھر 2000 میں اسے قنتاس ایئرویز نے چلایا اور 2014 سے جیٹ ایشیا ایئرویز کے فضائی بیڑے میں شامل ہو گیا۔

2015 کے دوران اس کی مدد سے اقوام متحدہ کی چارٹر پروازیں چلائی گئیں۔ مگر یہ طیارہ 2017 سے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر کھڑا رہا۔

جہاز کو کیوں فروخت کرنا پڑا؟

جب بی بی سی نے سیالکوٹ ایئرپورٹ کے ترجمان عمیر خان سے رابطہ کیا تو انھوں نے بتایا کہ جیٹ ایشیا ایئرویز کا طیارہ نو سال سے اسی ایئرپورٹ پر کھڑا ہے اور اس کی پارکنگ فیس سمیت دیگر واجبات ادا نہیں کیے گئے۔

انھوں نے کہا کہ عدالت نے سیالکوٹ ایئرپورٹ کو یہ اختیار دیا تھا کہ وہ اس طیارے کا اشتہار دے کر اس کی نیلامی کرے۔

انھوں نے بتایا کہ یہ جہاز اب بھی سیالکوٹ ایئر پورٹ پر پارکڈ ہے۔ ’سیالکوٹ ایئرپورٹ پر بھی کسی بھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی طرح پارکنگ چارجز ہوتے ہیں۔ ان پارکنگ چارجز کے عوض رقم اکٹھی ہوتی رہی۔ ہم نے کئی بار کمپنی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی مگر وہ ناکام رہیں۔ کمپنی دیوالیہ ہو چکی تھی۔‘

انھوں نے بتایا کہ ’پھر ہم نے عدالت کا سہارا لیا۔ ہم نے اس حوالے سے مقامی عدالت میں کیس دائر کیا۔ ہم نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر اخباروں میں اشتہارات دیے۔ اس سے پہلے بھی طیارہ خریدنے کے لیے بعض کمپنیوں نے ہم سے رابطہ کیا تھا مگر اس کی مناسب قیمت نہیں مل رہی تھی۔‘

وہ کہتے ہیں کہ اکتوبر کے دوران 'ہم نے آخری اشتہار میں کم از کم قیمت چار لاکھ ڈالر مقرر کی تھی۔ متحدہ عرب امارات میں قائم ایک کمپنی نے ہمیں اس طیارے کے لیے مناسب رقم کی پیشکش کی جو کہ چار لاکھ ڈالر سے زیادہ رقم بنتی ہے۔

ان کے مطابق ایئرپورٹ حکام نے اس آفر کو منظور کر لیا ہے مگر ’اس حوالے سے باقی عمل جاری ہے کہ وہ کب تک طیارے کو پوری طرح خرید لیں گے اور اسے روانہ کر دیا جائے گا۔‘

عمیر خان کا کہنا تھا کہ جہاز کی 'ایئر وردینس' ختم ہو چکی ہے۔ ایئر وردینس سے مراد ہے کہ آیا جہاز قانونی اور حفاظتی اعتبار سے پرواز بھرنے کے لیے تیار ہے۔ ان کے مطابق جہاز کی ایئر وردینس بحال کرنے کے لیے اس پر 'خطیر رقم خرچ ہو گی۔'

تاہم ان کا کہنا ہے کہ جہاز کا لینڈنگ گیئر، انجن اور دیگر پرزے اس کی ’اصل حالت میں ہیں۔‘

اس سوال پر کہ جہاز کو کب تک نئے خریدار کے حوالے کیا جا سکتا ہے، عمیر خان نے کہا کہ نیلامی کے عمل میں وقت لگتا ہے۔ 'جہاز کی خرید و فروخت میں کچھ شرائط ہوتی ہیں۔ آپ کو قومی اور بین الاقوامی اداروں سے منظوری لینی ہوتی ہے۔'

انھوں نے کہا کہ ابھی تک خریدار نے اس جہاز کی رقم منتقل نہیں کی ہے مگر یہ عمل جاری ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ خریدار کی تفصیلات ابھی منظر عام پر نہیں لائی گئیں اور جیسے ہی عمل مکمل ہو گا تو تفصیلات سے آگاہ کر دیا جائے گا۔

عمیر خان نے ایک سوال پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ ایئرپورٹ ایک نجی ادارہ ہے لہذا اس طیارے کے بقایہ جات کی مد میں ’قومی خزانہ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔‘

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US