ایف بی آر میں 242 ارب روپے سے زائد کی مالی بے ضابطگیاں، کنٹرول سسٹم کمزور قرار

image

قومی خزانے سے محصولات جمع کرنے کے ذمہ دار ادارے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں 242 ارب روپے سے زائد کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی آڈٹ رپورٹ میں ان لینڈ ریونیو اور کسٹمز کے مختلف شعبوں میں سنگین مالی خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ادارے کے اندرونی کنٹرول سسٹم کو کمزور قرار دیا گیا ہے۔

آڈٹ رپورٹ کے مطابق 527 ٹیکس کیسز میں 117 ارب 77 کروڑ روپے کا سپر ٹیکس کم وصول کیا گیا، جبکہ فیلڈ دفاتر کی جانب سے 159 افراد کو 41 ارب 78 کروڑ روپے کا ان پٹ ٹیکس کریڈٹ غیر قانونی طور پر دینے کی نشاندہی کی گئی ہے۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ 601 کیسز میں 15 ارب 29 کروڑ روپے اور مزید 870 کیسز میں 13 ارب روپے سے زائد کے سیلز ٹیکس شارٹ فال کا انکشاف ہوا۔ اسی طرح ضبط شدہ گاڑیوں اور دیگر سامان کی تلفی اور نیلامی کے عمل میں 12 ارب 78 کروڑ روپے کی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں۔

رپورٹ میں 14 کیسز میں 4 ارب 84 کروڑ روپے کے ناجائز ڈپریسی ایشن کلیمز کی ادائیگی، تقریباً 2 ارب روپے کے ان پٹ ٹیکس کی غلط تقسیم اور 22 افراد سے ایک ارب 73 کروڑ روپے کم ٹیکس وصول کیے جانے کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔

آڈٹ کے مطابق درآمدی اشیا کی غلط درجہ بندی اور ان کی کم قیمت مقرر کرنے کے باعث قومی خزانے کو 3 ارب 56 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا۔

آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے رپورٹ میں قرار دیا ہے کہ بارہا نشاندہی کے باوجود ایف بی آر میں کئی سال سے ایک جیسی بے ضابطگیاں دہرائی جا رہی ہیں۔ رپورٹ میں بلیک لسٹ افراد کی انوائسز کی مؤثر نگرانی، اندرونی کنٹرول سسٹم کو مضبوط بنانے اور غیر قانونی ٹیکس کلیمز کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

آڈٹ رپورٹ میں کیش انعامات کی ادائیگی کے مقررہ قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US