پاکستان اور برطانیہ کا دفاعی و عسکری تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

image

برطانیہ کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سر چارلس رولینڈ ونسنٹ واکر نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی و عسکری تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق برطانوی اعلیٰ سطح کے وفد کی قیادت جنرل سر چارلس رولینڈ ونسنٹ واکر کر رہے تھے۔ جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور پاکستان و برطانیہ کے درمیان دفاعی و سیکیورٹی تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فوجی سطح پر تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے برطانیہ کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔

برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف نے پاک مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل تیاریوں کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق برطانوی وفد کا دورہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید گہرا کرنے اور دوطرفہ عسکری تعلقات مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US