اسلام آباد میں گھریلو ملازمہ کے قتل کا مقدمہ: 13 سالہ فاطمہ کے جسم پر تشدد کے 20 سے زائد نشانات، گھر سے سی سی ٹی وی فوٹیج اور ڈنڈے برآمد

پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق 13 سالہ فاطمہ کے جسم پر تشدد کے کم از کم 20 نشانات پائے گئے ہیں۔ پوسٹ مارٹم کرنے والی میڈیکو لیگل افسر کی رائے کے مطابق فاطمہ کی موت بار بار کیے جانے والے جسمانی تشدد کے نتیجے میں آنے والی شدید چوٹوں سے ہوئی۔
علامتی تصویر
Getty Images
علامتی تصویر

انتباہ: اس رپورٹ میں شامل چند تفصیلات قارئین کے لیے پریشان کن ہو سکتی ہیں۔

اسلام آباد میں 13 سالہ گھریلو ملازمہ فاطمہ کی مبینہ تشدد سے ہلاکت کے مقدمے کی تفتیشی ٹیم نے ملزمہ کے گھر سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے جس میں پولیس حکام کے مطابق مبینہ طور پر کم سن بچی پر تشدد ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس نے گھر کی تلاشی کے دوران مختلف نوعیت کے تین ڈنڈے بھی برآمد کیے ہیں جن کے بارے میں تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ انھیں مقتولہ کو تشدد کا نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔

دوسری جانب پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق 13 سالہ فاطمہ کے جسم پر تشدد کے 20 سے زائد نشانات موجود تھے جن میں سر، چہرے، بازوؤں، ہاتھوں اور ٹانگوں پر شدید چوٹیں، سوجن، نیل اور پرانے زخم شامل تھے۔ رپورٹ میں استری سے جلائے جانے کے نشانات کا بھی ذکر کیا گیا ہے جبکہ کچھ زخم حالیہ اور بعض پرانے قرار دیے گئے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بچی کی موت بار بار کیے جانے والے جسمانی تشدد کے نتیجے میں لگنے والی شدید چوٹوں سے ہوئی۔

یاد رہے فاطمہ کی ہلاکت کے بعد قتل کا مقدمہ درج کیے جانے کے بعد پولیس افسر کی اہلیہ اور ایک گھریلو ملازم کو گذشتہ روز چار روز جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا تھا۔

گرفتاری کے بعد ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ نائمہ عفت کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ پولیس کی جانب سے ملزمان کے آٹھ دن کے ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا تھا کہ انھیں ملزمان سے تفتیش کرنی ہے۔

پولیس کے مطابق کم سن بچی سرکاری افسر کی رہائش گاہ پر ان کی اہلیہ کے پاس ملازمت کرتی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ خاتون پاکستانی ہونے کے ساتھ ساتھ غیر ملکی شہریت بھی رکھتی ہیں۔

اتوار کے روز بچی کی پراسرار حالات میں ہلاکت کا واقعہ پیش آیا تھا، جس پر ورثا اور عوامی حلقوں کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔

واقعے کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے متاثرہ خاندان کی جانب سے متعلقہ تھانے میں درخواست دی گئی تھی، جسے وصول کرنے کے بعد قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق کم سن ملازمہ کو تشویشناک حالت میں اسلام آباد کے قائداعظم ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ تشدد کا واقعہ پولیس لائنز میں پیش آیا۔ اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق مقدمہ تھانہ شمس کالونی میں درج کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث پولیس افسر کی اہلیہ اور ایک گھریلو ملازم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

تفتیشی ٹیم میں شامل ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ اس کسمن بچی کو جب علاج کی خاطر نجی ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا تو وہ اس سے پہلے ہی دم توڑ چکی تھی۔

انھوں نے کہا کہ مقتولہ کے جسم کا کوئی بھی حصہ ایسا نہیں تھا جہاں پر تشدد کے نشانات نہ ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ کم سن بچی کو مبینہ طور پر ڈنڈوں کی مدد سے تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔

انھوں نے کہا کہتیرہ سالہ بچی گذشتہ تینسال سے پولیس افسر محمد بن اشرف کے گھر پر کام کرتی تھیں جبکہ مقتولہ کے والدین مذکورہ پولیس افسر کی جنوبی پنجاب کے علاقے رحیم یار خان میں واقعزمینوں پر کام کرتے ہیں۔

گرفتار ہونے والی خاتون ایک پولیس سروس افسر کی اہلیہ ہیں۔ ان کے شوہر اس وقت وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں تعینات ہیں اور واقعے کے وقت گوجرانوالہ ریجن میں بطور ڈائریکٹر خدمات انجام دے رہے تھے۔ ان کی رہائش گاہ اسلام آباد پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں واقع ہے۔

پولیس حکام کے مطابق محمد بن اشرف ماضی میں اسلام آباد پولیس ہیڈ کوارٹر میں ایس پی کے طور پر تعینات رہ چکے ہیں۔ اسی دوران انھیں پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں رہائش گاہ الاٹ کی گئی تھی۔

تفتیشی ٹیم کے مطابق مقدمے میں گرفتار دوسرے ملزم قاری علی پنجاب ہائی ویز پٹرولنگ میں تعینات سرکاری ملازم ہیں۔ اہلکار کے مطابق جب ملزمہ کے شوہر راولپنڈی میں تعینات تھے تو قاری علی ان کے ساتھ ڈیوٹی بھی انجام دیتا رہا ہے۔

اس مقدمے میں گریڈ 19 کے پولیس افسر اور ملزمہ کے شوہر کو شاملِ تفتیش کرنے سے متعلق سوال پر تفتیشی ٹیم کے ایک اہلکار نے کہا کہ قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے اسلام آباد پولیس کے سربراہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے اور انھیں اس سلسلے میں ڈی جی ایف آئی اے سے رابطہ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

اہلکار کے مطابق ملزمہ کے شوہر گوجرانوالہ میں تعیناتی کے دوران بھی اسلام آباد آتے رہے ہیں اور تفتیشی افسران اس امکان کو خارج از امکان قرار نہیں دیتے کہ انھیں گھر میں مبینہ تشدد کے بارے میں علم نہ ہو۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کیا کہا گیا ہے؟

پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق 13 سالہ فاطمہ کے جسم پر تشدد کے کم از کم 20 نشانات پائے گئے ہیں۔ رپورٹ میں سر کے دائیں حصے سے پچھلے حصے تک پھیلی شدید سوجن اور خون جمع ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے، جبکہ سر کے دیگر حصوں پر بھی چوٹوں اور ہیماٹوما کے آثار ملے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بچی کے چہرے، کندھے، بازوؤں، ہاتھوں، ٹانگوں اور گھٹنوں پر سوجن، نیل، جلد کی رنگت میں تبدیلی اور زخم موجود تھے۔ ڈاکٹروں نے جسم کے مختلف حصوں پر پرانے زخموں، جلنے کے نشانات اور ایسے زخموں کی بھی نشاندہی کی ہے جو ابھی تک مندمل نہیں ہوئے تھے۔

پوسٹ مارٹم کرنے والی میڈیکو لیگل افسر کی رائے کے مطابق فاطمہ کی موت بار بار کیے جانے والے جسمانی تشدد کے نتیجے میں آنے والی شدید چوٹوں سے ہوئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان چوٹوں کے باعث جسم میں شدید سوزش پیدا ہوئی جس کے نتیجے میں تھرومبو ایمبولزم اور بعد ازاں دل اور سانس کا نظام بند ہو گیا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام زخم زندگی میں لگے تھے اور معمول کے حالات میں موت کا سبب بننے کے لیے کافی تھے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق موت اور معائنے کے درمیان تقریباً چار سے پانچ گھنٹے کا وقفہ تھا۔

اسلام آباد پولیس، فائل فوٹو
Getty Images
پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ تشدد کا واقعہ پولیس لائنز میں پیش آیا۔

مقدمے میں کوئی شخص نامزد کیوں نہیں؟

اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ مقدمے میں فی الحال کسی شخص کو نامزد نہیں کیا گیا، کیونکہ مدعی مقدمہ، جو مقتولہ کے والد ہیں، نے اپنی درخواست میں کسی فرد کا نام شامل نہیں کیا۔

ان کے مطابق تفتیش کے دوران مزید شواہد سامنے آنے پر ضمنی بیانات اور تفتیشی عمل کے ذریعے ملزمان کو نامزد کیا جا سکتا ہے۔

تفتیشی ٹیم میں شامل ایک اہلکار کے مطابق مقتولہ گرفتار ہونے والی خاتون کی رشتہ دار بھی تھی۔

دوسری جانب محمد بن اشرف سے ان کا موقف جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا، تاہم انھوں نے اس معاملے پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔

اسلام آباد پولیس کے ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر جواد طارق کا کہنا ہے کہ پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں متعدد افسران کے گھر موجود ہیں۔

ان کے مطابق پولیس کے پاس نگرانی کا نظام ضرور موجود ہے، تاہم کسی افسر کے گھر کے اندر جا کر یہ نہیں دیکھا جا سکتا کہ وہاں کیا ہو رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ پولیس اس وقت تک کسی گھر کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتی جب تک اس حوالے سے کوئی باضابطہ شکایت موصول نہ ہو۔

فوجداری مقدمات کی پیروی کرنے والے وکیل خالد سیف اللہ کے مطابق اگر کسی گھر میں تشدد کا سلسلہ جاری ہو اور دیگر افراد کو اس کا علم ہو لیکن وہ اس بارے میں کوئی کارروائی نہ کریں یا متعلقہ حکام کو آگاہ نہ کریں تو ان کے خلاف بھی ضابطہ فوجداری کی دفعہ 328 اے کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے ہر پہلو سے شفاف تحقیقات کی جا رہی ہیں اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US