پنجاب میں جان بچانے والی 9 ادویات اور طبی استعمال کی مصنوعات کے جعلی اور غیر معیاری ہونے کا انکشاف ہوا ہے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری نے مختلف ادویات کے نمونوں کی جانچ کے بعد رپورٹس جاری کر دیں۔
لیبارٹری رپورٹ کے مطابق ہائی بلڈ پریشر کے علاج میں استعمال ہونے والا فروسیمائیڈ ڈائیوریٹک جعلی پایا گیا جبکہ گیبیکا 300 ملی گرام کیپسول کا ایک بیچ بھی جعلی قرار دیا گیا ہے۔ اسی طرح زخموں کو انفیکشن سے محفوظ رکھنے کے لیے استعمال ہونے والے ٹوپیکل سلوشن پروڈین کو غیر معیاری قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جسم میں آئرن کی کمی دور کرنے کے لیے استعمال ہونے والا انجکشن وورٹیکس اور پوٹاشیم کلورائیڈ انجکشن بھی معیار پر پورا نہ اتر سکے۔ اس کے علاوہ نیند آور انجکشن ڈورمیکیم، مختلف امراض میں استعمال ہونے والا انجکشن ڈاویڈکس اور جان بچانے والی اینٹی بائیوٹک زیفٹروکس انجکشن بھی لیبارٹری ٹیسٹ میں غیر معیاری ثابت ہوئے۔
انجکشن کی تیاری اور استعمال میں کام آنے والے اسٹرائل واٹر پیسول کے 2 اور 10 ملی گرام کے ایمپیول بھی ناقابل استعمال قرار دیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کے مختلف اسپتالوں سے موصول ہونے والی شکایات کے بعد ٹوپیکل سلوشن پروڈین کے متعلقہ بیچ کے نمونے بھی ٹیسٹ کیے گئے تھے۔
ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کی رپورٹس کے بعد متعلقہ جعلی اور غیر معیاری ادویات کے بیچز مارکیٹ سے فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔