وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں گڈ گورننس کے حوالے سے بحث جاری ہے، عوام اچھی اور بہترین حکومت چاہتے ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ اچھی گورننس، عوام کو سہولیات کی فراہمی اور عوام کے سامنے جوابدہ حکومت عوام کی بنیادی ضرورت اور حقیقی مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ اور ہم سب کئی دہائیوں سے اس نظام کا حصہ ہیں، آج ہم خود کو اس نظام کی کمزوریوں اور خامیوں سے الگ نہیں کر سکتے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سیاست کی آڑ میں احتساب سے مبرا ہونے کی بات عوام اور قانون دونوں مسترد کرتے ہیں، اس کی کوئی گنجائش نہیں۔ نیب میں اصلاحات بھی خود کیں اور اب اسی ادارے کو مورد الزام ٹھہرانا سمجھ سے بالاتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اہم مسئلہ صوبوں کے حوالے سے بحث ہے، صوبوں کے حوالے سے بحث کو روکا نہیں جا سکتا۔ یہ جمہوری اور قانونی تقاضا ہے کہ یہ بحث جاری رہنی چاہیے۔ گڈ گورننس اور اصلاحات تمام حکومتوں کا ایجنڈا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان کے عوام صوبے چاہتے ہیں تو صوبے بنا دیے جائیں، صوبوں کے معاملے پر خون تک بہا دینے کی بات سمجھ سے بالاتر ہے۔ آپ عوام کی مرضی کی بات کیوں نہیں کرتے؟
انہوں نے کہا کہ عوام کی مرضی کے بغیر کوئی بھی ایجنڈا مسلط نہیں کیا جا سکتا۔ عوام کی رائے جاننے کا بہترین ذریعہ ریفرنڈم ہے، تاہم ریفرنڈم کے حوالے سے عوام کا بہترین مفاد مدنظر رکھا جانا چاہیے۔