پاکستان اور برطانیہ کا معدنیات کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

image

پاکستان اور برطانیہ نے پاکستان کے معدنی وسائل کی تلاش، ارضیاتی تحقیق اور معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کرلیا ہے۔

برطانوی ہائی کمیشن کے ترجمان کے مطابق برطانوی جیولوجیکل سروے (BGS) اور جیولوجیکل سروے آف پاکستان (GSP) نے ارضیاتی نقشہ سازی، سائنسی تحقیق اور ڈیٹا کے تبادلے کے لیے مشترکہ معاہدے کا مسودہ تیار کر لیا ہے۔

مجوزہ معاہدے کا مقصد پاکستان کے معدنی وسائل کی ذمہ دارانہ اور شفاف ترقی، مستند ارضیاتی معلومات کی فراہمی، تکنیکی مہارت میں اضافے اور سائنسی تحقیق کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔

اس سلسلے میں اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے دوران برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے دونوں ممالک کے درمیان مجوزہ شراکت داری کی اہمیت اجاگر کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان معدنی وسائل کے حوالے سے وسیع صلاحیت رکھتا ہے، تاہم ملکی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں کان کنی کے شعبے کا حصہ اب بھی 2 فیصد سے کم ہے۔

مجوزہ تعاون کے تحت دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی شراکت داری کا جامع فریم ورک قائم کیا جائے گا، جس میں تکنیکی معلومات اور تجربات کا تبادلہ، متعلقہ اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ، جدید ارضیاتی نقشہ سازی، قابلِ اعتماد ڈیٹا کی تیاری اور اہم معدنیات (کریٹیکل منرلز) کے شعبے میں تعاون شامل ہوگا۔

اس کے علاوہ ماحولیاتی پائیداری، سائنسی طریقہ کار کے فروغ اور ذمہ دارانہ کان کنی کے لیے بھی مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔

ترجمان کے مطابق اس شراکت داری کے ابتدائی مرحلے میں جیولوجیکل سروے آف پاکستان کے عملے نے برطانوی مالی معاونت سے 16 ہفتوں پر مشتمل جدید تکنیکی تربیت کامیابی سے مکمل کرلی ہے۔

یہ تربیتی پروگرام برطانیہ کے ریونیو موبلائزیشن، انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ پروگرام (REMIT) کے تحت منعقد کیا گیا، جس کا مقصد پاکستانی ماہرین کی تکنیکی استعداد اور پیشہ ورانہ مہارت میں اضافہ کرنا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US