اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ منصوبہ 60 روز میں مکمل کیا جائے گا، محسن نقوی

image

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ منصوبہ 60 روز میں مکمل کرلیا جائے گا، منصوبے کی تکمیل سے اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان سفر کا وقت کم ہوگا اور بڑی آبادی کو سفری سہولت میسر آئے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ منصوبے کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ گیس لائن کی وجہ سے منصوبے کی تکمیل میں رکاوٹ درپیش تھی، تاہم اب تمام رکاوٹیں دور کر دی گئی ہیں اور منصوبے کو 60 روز میں مکمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ایکسپریس وے کو موٹروے طرز پر بنانے جا رہے ہیں، جس سے اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان سفر کے وقت میں کمی آئے گی۔ ایکسپریس وے سروس روڈ سے بہت بڑی آبادی کو فائدہ ہوگا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کورال سے آگے بھی ایکسپریس وے سروس روڈ کو توسیع دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔

محسن نقوی نے اسلام آباد میں شجرکاری اور گرین ایریاز کے حوالے سے کہا کہ سپارکو کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران اسلام آباد میں درختوں میں 28 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جہاں درختوں کی کمی ہے وہاں مزید درخت لگائے جا رہے ہیں جبکہ اسلام آباد کے گرین ایریا میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر حکام نے وفاقی وزیر داخلہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایکسپریس وے سروس روڈ منصوبے پر 40 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US