تھر کوئلے کی کان کنی میں ڈیزل کی جگہ قومی گرڈ سے بجلی فراہم کرنے کا منصوبہ شروع

image

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر تھر کوئلے کی کان کنی کو قومی گرڈ سے منسلک کرنے کے منصوبے پر عملی کام شروع کردیا گیا ہے جس سے سالانہ 25 سے 30 ملین ڈالر زرمبادلہ کی بچت متوقع ہے۔

پاور ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی زیر صدارت تھر بلاک ون اور بلاک ٹو کی کان کنی کو قومی بجلی کے نظام سے منسلک کرنے کے منصوبے کا جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ دونوں بلاکس کی کان کنی کو قومی گرڈ سے منسلک کرنے کا ٹھیکہ دے دیا گیا ہے اور ٹھیکیدار نے سائٹ پر کام بھی شروع کردیا ہے۔

منصوبے کو اپریل 2028 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، تاہم اسے اصل شیڈول سے 8 سے 9 ماہ پہلے مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ دونوں بلاکس کو اسلام کوٹ گرڈ اسٹیشن سے 132 کلو وولٹ ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے منسلک کیا جائے گا، جبکہ کان کنی کے مقامات کو مجموعی طور پر 60 میگاواٹ بجلی فراہم کی جائے گی۔

پاور ڈویژن کے مطابق تھر میں کان کنی کے لیے روزانہ 2 لاکھ سے 2 لاکھ 50 ہزار لیٹر ڈیزل استعمال ہوتا ہے، جبکہ صرف پانی نکالنے کے لیے روزانہ 35 ہزار لیٹر ڈیزل خرچ کیا جاتا ہے۔ ڈیزل سے بجلی پیدا کرنے کی لاگت 33 سینٹ فی یونٹ ہے جو قومی گرڈ سے بجلی کی فراہمی کے بعد کم ہو کر تقریباً 13 سینٹ فی یونٹ رہ جائے گی، یوں بجلی کی لاگت میں 60 فیصد سے زائد کمی متوقع ہے۔

اعلامیے کے مطابق تھر میں ڈیزل کے استعمال پر روزانہ تقریباً ڈھائی کروڑ روپے خرچ ہوتے ہیں۔ ڈیزل کی جگہ قومی گرڈ سے بجلی استعمال کرنے سے سالانہ 25 سے 30 ملین ڈالر کی بچت ہوگی، جبکہ تھر کوئلے کے ٹیرف میں کمی سے بجلی کی مجموعی خریداری کی لاگت بھی کم ہونے کا امکان ہے۔

پاور ڈویژن کے مطابق ڈیزل کے استعمال میں کمی سے سالانہ تقریباً 80 ہزار ٹن کاربن اخراج کم ہوگا۔ تھر بلاک ون میں رواں سال کے اختتام تک 40 الیکٹرک ٹرک شامل کرنے کا منصوبہ ہے جبکہ بلاک ٹو میں 2028 کے دوران الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال شروع کیا جائے گا۔ کان کنی میں ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں کو مرحلہ وار بجلی سے چلنے والے نظام پر منتقل کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کان کنی کے شعبے میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے ڈیزل کی درآمدات کم ہوں گی، زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ میں کمی آئے گی اور مقامی کوئلے سے سستی بجلی کی پیداوار ممکن ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ تھر کے قومی وسائل کو صارفین کے لیے سستی بجلی میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ پاور ڈویژن کے مطابق تھر کا کوئلہ سی پیک کا اہم حصہ اور پاکستان کی توانائی سلامتی کے لیے کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US