سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ میں واقع مشہور کلاک ٹاور نے دو اہم عالمی اعزازات حاصل کرلیے ہیں۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز نے عمارت میں موجود میوزیم اور کھلی فضا میں قائم آبزرویشن ڈیک کو اپنی اپنی نوعیت کے دنیا کے بلند ترین مقامات تسلیم کرلیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق مکہ مکرمہ اور مقدس مقامات کے رائل کمیشن نے 17 نومبر کو ان اعزازات کا اعلان کیا۔ کلاک ٹاور میں قائم میوزیم زمین سے 426.875 میٹر کی بلندی پر موجود ہے، جسے کسی عمارت کے اندر قائم دنیا کے سب سے بلند میوزیم کا ریکارڈ دیا گیا ہے۔
اسی عمارت کا آؤٹ ڈور آبزرویشن ڈیک 560.875 میٹر کی بلندی پر واقع ہے، جہاں سے مسجد الحرام اور مکہ مکرمہ کے خوبصورت مناظر دیکھے جاسکتے ہیں۔ اس مقام کو بھی دنیا کے بلند ترین بیرونی آبزرویشن ڈیک کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق دونوں ریکارڈز 5 جنوری 2026 کو قائم ہوئے تھے، تاہم ان کی باضابطہ شناخت کا اعلان نومبر میں کیا گیا۔
مسجد الحرام کے قریب واقع یہ مشہور عمارت مکہ کلاک ٹاور کمپلیکس کا حصہ ہے، جو شہر کی نمایاں تعمیراتی پہچان بن چکی ہے اور ہر سال آنے والے لاکھوں زائرین کی توجہ حاصل کرتی ہے۔
سعودی حکام کے مطابق ان کامیابیوں کا مقصد صرف عالمی ریکارڈ قائم کرنا نہیں بلکہ مکہ مکرمہ کے تاریخی، ثقافتی اور تعمیراتی ورثے کو نمایاں کرنا بھی ہے۔ اس کے ساتھ حج و عمرہ کے لیے آنے والے زائرین کی سہولتوں اور تجربے کو مزید بہتر بنانے پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔
ان دو نئے اعزازات کے بعد مکہ مکرمہ کے کلاک ٹاور کی عالمی اہمیت میں مزید اضافہ ہوا ہے جو مذہبی مرکز ہونے کے ساتھ شہر کی جدید تعمیراتی ترقی کی بھی نمائندگی کرتا ہے۔