لکی مروت سٹی میں پولیس پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے پولیس اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ جوابی کارروائی میں 4 خوارج ہلاک کردیے گئے۔
سینٹرل پولیس آفس کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا اور وہ پولیس و سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔
پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کردیا۔
آئی جی پولیس ذوالفقار حمید نے کامیاب کارروائی پر پولیس اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں ترقی، خوشحالی اور پائیدار امن و امان کا قیام دہشت گردوں کے خاتمے سے مشروط ہے۔