حکومت نے آئندہ پانچ برسوں کے دوران قیمتی پتھروں کی سالانہ برآمدات کو بڑھا کر ایک ارب ڈالر تک لے جانے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے، جس کے لیے ویلیو ایڈیشن، عالمی معیار کی سرٹیفکیشن، جدید کان کنی اور برانڈ پاکستان کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
مقامی قیمتی پتھروں کی قدر میں اضافے سے متعلق چار روزہ بین الاقوامی ورکشاپ کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال نے انکشاف کیا کہ پاکستان میں تقریباً 450 ارب ڈالر مالیت کے قیمتی پتھروں کے ذخائر موجود ہیں، تاہم اس وقت باضابطہ سالانہ برآمدات محض 58 لاکھ ڈالر تک محدود ہیں۔
انہوں نے اس موقع پر مقامی قیمتی اور نیم قیمتی پتھروں کی ایک روزہ نمائش کا بھی افتتاح کیا، جس میں جدید تراش خراش اور پالش کے ذریعے ان کی قدر بڑھانے کے امکانات پیش کیے گئے۔ 20 نومبر تک جاری رہنے والی یہ ورکشاپ اے پی او، این پی او پاکستان اور پاکستان جیمز اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی کے باہمی اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے۔
معاون خصوصی نے مزید بتایا کہ ان قیمتی ذخائر کا بڑا حصہ گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد جموں و کشمیر میں پایا جاتا ہے، جبکہ بلوچستان میں بھی اس شعبے کے وسیع امکانات تاحال غیر استعمال شدہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں زمرد، یاقوت، پکھراج، پیری ڈاٹ اور ایکوامیرین سمیت 30 سے زائد اقسام کے پتھروں پر کام کرنے والی 5 ہزار سے زائد کمپنیاں فعال ہیں، لیکن کان کنی کے فرسودہ طریقوں، محدود ویلیو ایڈیشن اور سرٹیفکیشن کے ناقص نظام کی وجہ سے یہ صنعت مطلوبہ ترقی نہیں کرسکی۔
اس صورتحال کو بدلنے کے لیے حکومت ’قومی پالیسی برائے قیمتی پتھروں 2026-2030‘ کے تحت جامع اصلاحات نافذ کر رہی ہے تاکہ اس شعبے کو ایک جدید اور برآمدی صنعت بنایا جا سکے۔ ان مجوزہ اقدامات میں عالمی سطح پر تسلیم شدہ سرٹیفکیشن کا اجرا، شعبے کی نگرانی و سرمایہ کاری کے لیے الگ اتھارٹی اور نیشنل وارنٹی آفس کا قیام، ارضیاتی نقشہ سازی، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اور تربیتی مراکز کا قیام شامل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مقامی سطح پر پراسیسنگ کی صلاحیت بڑھانے اور برانڈ پاکستان کو متعارف کرانے سے عالمی منڈیوں میں پاکستانی پتھروں کی مانگ اور سرمایہ کاری کے نئے راستے کھلیں گے۔