عوام کو ریلیف دینے کے لیے نئے صوبوں کا قیام ناگزیر ہے، کراچی الگ صوبہ بننا چاہیے: علیم خان

image

وفاقی وزیر مواصلات علیم خان نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کی ہے اور کہا ہے کہ اگر کراچی کے شہری الگ صوبے کے خواہشمند ہیں تو اسے ضرور تشکیل دیا جانا چاہیے۔

انہوں نے موقف اختیار کیا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے ناگزیر ہیں، کیونکہ بلوچستان جیسے وسیع صوبے میں ایک سیکریٹری سے ملاقات کے لیے شہریوں کو 1100 کلومیٹر کا طویل سفر طے کرنا پڑتا ہے، اس لیے اس معاملے کا فیصلہ عوامی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ لاہور میں بیٹھ کر راجن پور کو صوبہ بنانے کا فیصلہ نہیں کیا جا سکتا، اور حیرت کی بات ہے کہ سندھ حکومت کراچی میں الگ صوبے کی مخالفت کرتی ہے لیکن پنجاب میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتی ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے علیم خان نے سوال اٹھایا کہ 27ویں آئینی ترمیم کے وقت انہیں عدلیہ کی آزادی اور سیاسی قیدی کیوں یاد نہیں آئے، اور انہیں جو اضافی نشستیں ملی ہیں وہ دراصل کسی اور جماعت کا حق تھیں جنہیں پہلے واپس کیا جانا چاہیے تھا۔

علیم خان نے بلاول بھٹو زرداری کو مشورہ دیا کہ وہ ایک سمجھدار سیاستدان ہیں، لہٰذا انہیں وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ بیٹھ کر معاملات طے کرنے چاہئیں۔ اپنی جماعت کی پوزیشن واضح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ مرکز میں وزیر اعظم کے حامی ہیں تاہم پنجاب حکومت کا حصہ نہیں ہیں، اور صوبے میں مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے کے باوجود حکومت میں شمولیت اختیار نہیں کی کیونکہ وہاں رویوں کا مسئلہ درپیش ہے جس کی شکایت ہر سیاسی جماعت کو ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جمہوریت سب کو ساتھ لے کر چلنے کا نام ہے اور اس میں بادشاہت جیسا رویہ نہیں چل سکتا، اس لیے ملک کے تمام خیر خواہوں کو آپس میں مل بیٹھنا چاہیے۔

قبل ازیں پشاور دورے کے مقاصد پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ وہ 18 سال سے زیرِ تعمیر ناردرن بائی پاس کا جائزہ لینے آئے ہیں۔ انہوں نے اس منصوبے کو خیبر پختونخوا کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے اس میں ہونے والی غیر معمولی تاخیر پر حیرت کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ پی ایس ڈی پی سے کم فنڈز ملنے کے باوجود نیشنل ہائی وے اتھارٹی اپنے وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اس منصوبے کو آئندہ دو ماہ میں مکمل کر لے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US