‎ری جینریٹو فارمنگ: اسلام آباد کا زرعی فارم چھوٹے کسانوں کے لیے ’امید کی ایک کرن‘ کیسے بنا

ری جینریٹو یا قدرتی طریقہ زراعت کو کسی بھی قسم کا کسان اپنا سکتا ہے تاہم ڈاکٹر عظیم اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ خاص طور چھوٹے کسانوں کے اس قسم کا ماڈل زیادہ مستفید ہے کیونکہ وہ کم زمین سے زیادہ آمدن لے سکتے ہیں۔
BBC
BBC

چار سال قبل ان کی ڈھائی ایکڑ زمین پر محض ایک 'فارم ہاؤس' تھا۔ اس پر چند رہائشی کمرے بنے تھے اور کبھی کبھار گھر کے استعمال کے لیے کچھ فروٹ اور سبزیاں آ جاتی تھیں۔ باقی تمام زمین بنجر تھی۔

میاں عبدالرؤف پیشے کے اعتبار سے سپریم کورٹ کے وکیل ہیں اور اسلام آباد کے مضافات میں لہترار روڈ پر واقع یہ جگہ ان کے لیے محض ’شہر کی زندگی سے فرار کا ایک ذریعہ تھی۔‘

لیکن چار سال بعد یہاں کا منظر یکسر بدل چکا ہے۔ ڈھائی ایکڑ زمین میں قابل کاشت 16 کنال رقبے پر اب 1500 پھلدار درخت ہیں، ان میں مختلف پھلوں کی 46 اقسام ہیں، موسمی اور بے موسمی تقریباً تمام سبزیاں اگتی ہیں۔

اس سب کے درمیان وہ سالانہ مختلف اقسام کے ڈھائی لاکھ کے قریب سجاوٹی پھول کاشت کر رہے ہیں۔ اسی جگہ پر ایک چھوٹا سے پولٹری فارم اور بطخوں کے فارم کے علاوہ انگورہ نسل کے خرگوشوں کا ایک فارم بھی موجود ہے۔

ان جانوروں کے لیے خوراک بھی فارم ہی پر اگتی ہے۔ اسی بظاہر چھوٹی سی زمین تمام تر کاشت کے درمیان دو ٹنل بھی بنائے گئے ہیں۔ چائینیز طرز کی ٹنل میں بے موسمی سبزباں اگائی جاتی ہیں اور دوسرے ٹنل میں بیش قیمت پھولوں کی فصلیں ہوتی ہیں۔

میاں عبدالرؤف کے فارم کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں تمام تر فصلیں ’ری جینیریٹو‘ یعنی قدرتی طریقے سے لی جاتی ہیں، کسی کیمیکل کھاد یا کیڑے مار دوا کا استعمال نہیں ہوتا۔ کمپوسٹ یعنی قدرتی کھاد وہ اپنے فارم پر ہی بناتے ہیں۔

اس زمین کے ٹکڑے کو بنجر سے سرسبز زرعی فارم بنانے والے زرعی سائنسدان ڈاکٹر محمد عظیم خاننے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چار سال قبل جو بارانی زمین ناہموار اور بنجر تھی ’وہ جلد سالانہ ستر سے اسی لاکھ روپے کمانے کے لیے تیار ہو گی۔‘

وہ سمجھتے ہیں کہ میاں عبدالرؤف کا قدرتی طریقہ زراعت اور سائنسی بنیادوں پر قائم یہ فارم پاکستان کے دوسرے کسانوں کے لیے ایک ماڈل ہو سکتا ہے۔ خاص طور پر چھوٹے کسان جن کے پاس زمین کم ہے وہ اس ماڈل سے مستفید ہو سکتے ہیں۔

BBC
BBC

ناہموار اور بنجر زمیں پر یہ فارم بنا کیسے؟

میاں عبدالرؤف کے فارم کے ارد گرد کی زمین دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ چار سال میں ان کی زمین پر آنے والی تبدیلی درحقیقت کتنی بڑی ہے۔

ان کے فارم کی چار دیواری کے ارد گرد حد نگاہ تک پھیلی زمین ناہموار علاقہ ہے اور دور کہوٹہ کی پہاڑیاں دیکھی جا سکتی ہیں۔ یہ تمام تر بارانی زمین ہے جس پر قدرتی گھاس اگی ہوئی ہے۔ بارش کا پانی مختلف قدرتی نالوں کی شکل میں بہتا ہے۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے میاں عبدالرؤف نے بتایا کہ وہ یہاں صرف ہفتہ وار چھٹی پر دوستوں کے ساتھ وقت گزارنے آتے تھے۔ کرونا کی وبا کے دنوں میں جب ان میں وائرس کی تصدیق ہوئی تو انھوں نے قرنطینہ کے لیے اس جگہ کا انتخاب کیا۔

’میرے لیے اتنا ہی کافی تھا کہ کچھ پھل اور سبزیاں آ جاتی تھیں جو میرے گھر والے اور چند دوست احباب استعمال کرتے تھے۔ لیکن جب ڈاکٹر صاحب آئے تو انھوں نے جو آئیڈیا دیا اس نے اس کو بالکل ہی بدل کے رکھ دیا۔ یہ چار سالوں میں انہونی سی ہو گئی ہے۔‘

ان کا اشارہ ڈاکٹر محمد عظیم کی طرف ہے۔ ڈاکٹر عظیم پاکستان ایگریکلچر ریسرج کونسل کے سابق چیئرمین ہیں جو نیشنل ایگریکلچر ریسرچ کونسل اور پلاننگ کمیشن سمیت کئی اداروں میں نمایاں عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

انھوں نے میاں عبدالرؤف کی زمین پر ایسا ماڈل فارم بنانے کے لیے لگ بھگ ڈھائی ایکڑ کا انتخاب کیا جس میں سے 16 کنال کے قریب قابل کاشت ہے۔ باقی پر تعمیرات ہیں۔ اس وقت یہ جگہ ناہموار ڈھلوان تھی اور اس پر آبپاشی کے لیے پانی کا بندوبست نہیں تھا۔

ڈاکٹر عظیم کہتے ہیں کہ انھوں نے پہلے مشینوں کی مدد سے کھدائی کروا کے اس جگہ کو ہموار کیا۔ اس کے بعد اس فارم کو پہلے کاغذ پر ڈیزائن کیا گیا۔ ’یہ میری چالیس سالہ پبلک سروس تجربے کا نچوڑ سمجھ لیں۔ جو کچھ میں نے سیکھا رکھا تھا وہ یہاں لاگو کیا۔‘

BBC
BBC

زمین پر پانی کہاں سے آیا اور سینکڑوں درخت کیسے ممکن ہوئے؟

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد عظیم نے بتایا کہ انھوں نے فارم کے لیے زمین کے ایک ایسے ٹکڑے کا انتخاب کیا جہاں نشیب میں بارش کے پانی کا ایک قدرتی نالہ گزرتا ہے۔ اس بات کا اندازہ لگایا گیا کہ اس نالے سے سالانہ کتنا پانی میسر ہوتا ہے۔

اس کے بعد بارش کے اس پانی کا رستہ روک کر ایک ڈیم کی شکل کا ذخیرہ بنایا گیا۔ جب کاغذ پر انھوں نے اس فارم کو ڈیزائن کیا تو اس کی سب سے بلند سطح پر انھوں نے ایک تالاب بنایا۔ سولر پاور کے ذریعے ڈیم میں سے پانی کو پمپ کر کے اس تالاب کو بھرا جاتا ہے۔

’زمین کو ہم نے اس طرح ہموار کیا کہ ہم نے اس پر لگ بھگ سات بیڈ بنائے اور ان بیڈز کو مزید بلاکس میں تقسیم کیا۔ پھر ہر بلاک کی الگ پلاننگ ہوئی کہ اس میں کیا کاشت ہو گا۔‘

پانی کے تالاب سے ایک زیر زمین پائپ لائنوں کا نیٹ ورک جڑا ہے جو ہر بلاک تک پہنچتا ہے۔ یوں جس بلاک میں جتنا پانی درکار ہوتا ہے اتنا ہی پانی وہاں کھولا جاتا ہے اور زمین سیراب ہونے کے بعد ویفٹی والو کی مدد سے بند کر دیا جاتا ہے۔

ڈاکٹر محمد عظیم کہتے ہیں کہ انھوں نے فارم پر بلاکس کی منصوبہ بندی اس طرح کی ہے کہ جہاں فروٹ کے درخت چھوٹے چھوٹے باغوں کی مانند اگائے گئے ہیں، ان کے درمیان خالی جگہ پر سبزیاں اور سجاوٹ کے پھول اگائے گئے ہیں۔

’یہ ایک مثال ہے۔ اس ہی طرح بنیادی طور پر اس فارم پر زمین کا انتہائی موافق استعمال کیا گیا ہے۔ زمین کے کسی ٹکڑے کو ضائع نہیں ہونے دیا گیا۔‘

BBC
BBC

فارم پر کتنی پیداوار، کیسے لی جاتی ہے؟

ڈاکٹر محمد عظیم کہتے ہیں کہ فارم پر مختلف قسم کے 'کلچر' یا پراجیکٹ ایک ساتھ چل رہے ہیں۔ یہ روزانہ، ہفتہ وار، ماہانہ یا سالانہ بنیادوں پر آمدن دیتے ہیں۔ مختلف بلاکس کے اندر سٹرس اور مالٹے کی کئی اقسام کے پودے لگے ہیں جو بھرپور پھل دے رہے ہیں۔

سینکڑوں فروٹ کے درخت گزرگاہوں، چار دیواری اور فارم کے باہر سڑک اور چار دیواری کی درمیانی جگہ پر لگائے گئے ہیں۔ ان میں بدیسی نسل کے پھل جن میں ایواکاڈو اور پیشن فروٹ کے پودے بھی شامل ہیں جو پھل دے رہے ہیں۔

پھلوں کے پودوں کو اس ترتیب سے لگایا گیا ہے کہ ان کے درمیان سبزیوں اور سجاوٹ والے پھولوں کی کاشت کے لیے وافر جگہ میسر ہے۔ یہاں ہر قسم کی سبزیاں لگائی گئی ہیں۔

’ہمارے فارم پر ایک بہت بڑی کاروباری سرگرمی سجاوٹی پھولوں کی ہے۔ ہم سالانہ تقریباً ڈھائی لاکھ کے قریب مختلف اقسام کے پھولوں کی فصل اٹھاتے ہیں۔ یہ پھول بکنے کے لیے مقامی مارکیٹ میں جاتا ہے۔

اس فارم پر انھوں نے نسبتاً نشیب میں ایک ٹنل بنا رکھی ہے جس کا رخ سورج کی جانب ہے۔ اسے وہ چائنیز طرز کی ٹنل کہتے ہیں۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ انتہائی سردی میں بھی اس ٹنل میں گرمیوں کی سبزیاں اگانے کے لیے موزوں درجہ حرارت قائم رکھا جا سکتا ہے۔

یہاں سے آنے والی ان کی فصل مارکیٹ میں باقی سبزیوں سے پہلے آ جاتی ہے اور اچھے دام دیتی ہے۔ ایک دوسری ٹنل میں وہ زیادہ مہنگے بکنے والے بیش قیمت پھول اگاتے ہیں جہاں سورج کی روشنی اور درجہ حرارت کو ضرورت کے مطابق رکھا جا سکتا ہے۔

BBC
BBC

قدرتی یا ریجینیریٹو فارمنگ کیسے کی جاتی ہے اور اس کا فائدہ کیا ہے؟

زرعی سائنسدان ڈاکٹر محمد عظیم نے فارم پر اگنے والی سبزیوں کے پودوں اور سٹرس سے بھرے پودوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ان کو دیکھ کر کوئی یقین نہیں کر سکتا کہ یہ بغیر کسی کیمیکل کھاد کے اگ رہے ہیں۔ اسی کو ریجینیریٹو کہتے ہیں۔‘

اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ اس فارم پر تمام تر فصلیں قدرتی طریقے سے اگاتے ہیں۔ اس کے لیے فارم پر ہی ایک کونہ مخصوص کیا گیا ہے جہاں وہ جانوروں کے فضلے، جڑی بوٹیوں کے باقیات اور مٹی کی مدد سے قدرتی کھاد تیار کرتے ہیں۔

یہ کھاد پورے فارم پر پھیلائی جاتی ہے۔ اس طرح فارم قدرتی طور پر مسلسل زرخیز رہتا ہے۔ ’ہمارے پھلوں کے درختوں نے دوسرے سال ہی پھل دینا شروع کر دیا تھا۔ بعض درخت تو ہماری توقع سے زیادہ جلدی بڑے ہوئے اور آندھی سے گر بھی گئے۔‘

ڈاکٹر محمد عظیم کے مطابق وہ فارم پر اگنے والی جڑی بوٹیوں کو تلف کرنے کے لیے بھی ادویات کا استعمال نہیں کرتے بلکہ انھیں ہاتھ سے نکالا جاتا ہے۔

فارم پر بننے والی قدرتی کھاد کو وہ پنیریاں لگانے کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں۔ یوں ان کو بازار سے مہنگے داموں ملنے والے کوکو پیٹ وغیرہ خریدنے کی ضرورت نہیں رہتی۔ فارم پر ہی ہزاروں پودوں کی نرسری ٹرے کلچر کے اندر تیار ہے۔ یہیں سے ان کو زمین پر منتقل کیا جاتا ہے۔

BBC
BBC

اس فارم سے منافع کیسے آتا ہے؟

فارم کے مالک میاں عبدالرؤف نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اب وہ اس سطح پر پہنچ گئے ہیں جہاں فارم اپنا خرچ خود اٹھا رہا ہے۔ ’بلکہ میں کہوں گا کہ اس سے بھی آگے چلا گیا ہے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ اس فارم کو بنانے پر ان کا خرچ اس لیے زیادہ ہوا کیونکہ انھیں مشینوں کے استعمال سے اس جگہ کو ہموار کرنا پڑا۔ اس کے بعد پانی کا بندوبست کرنے کے لیے بھی انھیں یہاں تعمیرات کرنے ساتھ ساتھ سولر سسٹم نصب کرنا تھا۔

آبپاشی کا پائپ لائن کا نظام بنانے کے لیے بھی انھیں فارم پر خرچ کرنا پڑا۔ ’یہ جگہ کم ضرور ہے لیکن جتنی بڑی تعداد میں یہاں درخت لگے ہیں تو اس پر ایک خرچ آیا۔ لیکن یہ ایک وقت کا خرچ تھا۔ اب یہاں پانی سمجھ لیں مفت ہے اور درخت جوان ہو چکے ہیں۔‘

وہ سمجھتے ہیں کہ بہت جلد وہ فارم سے آنے والی آمدن سے اس پر ہونے والا کل خرچ نکال لیں گے اور اس کے بعد اس سے جو آمدن آئے گی وہ تمام تر ان کے لی منافع ہو گی کیونکہ فارم ’سیلف سسٹین ایبل ہے یعنی اپنا خرچ خود اٹھا سکتا ہے۔‘

زرعی سائنسدان ڈاکٹر محمد عظیم نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ جب آپ درخت لگاتے ہیں تو آپ کو اس کی کل مالیت کا اندازہ ہوتا ہے۔

’اس فارم سے ہمیں ساٹھ سے ستر لاکھ روپے سالانہ پھلوں سے آئیں گے۔ اس کے علاوہ سبزیوں سے ہمیں روزانہ، ہفتہ وار یا ماہانہ آمدن ہوتی ہے۔ سجاوٹ والے پھولوں سے ہمیں ایک الگ بڑی آمدن آ رہی ہے۔‘

فارم سے پیدا ہونے والے مرغیوں اور بطخوں کے انڈے اور مچھلی وغیرہ سے بھی ان کے پاس آمدن کا ایک ذریعہ موجود ہے۔

’یوں یہ تمام تر پراجیکٹس اگر آپ ملا کر دیکھیں تو اس ڈھائی ایکڑ کے فارم سے ہم ستر سے اسی لاکھ روپے سالانہ کی زرعی آمدن لے سکتے ہیں۔‘ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح یہ فارم دیگر کسانوں کے لیے ایک ماڈل کا کام کر سکتا ہے۔

BBC
BBC

چھوٹے کسان اس سے کیسے مستفید ہو سکتے ہیں؟

ریجینیریٹو یا قدرتی طریقہ زراعت کو کسی بھی قسم کا کسان اپنا سکتا ہے تاہم ڈاکٹر عظیم اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ خاص طور چھوٹے کسانوں کے اس قسم کا ماڈل زیادہ مستفید ہے کیونکہ وہ کم زمین سے زیادہ آمدن لے سکتے ہیں۔

’چھوٹے کسان کے حوالے سے اس فارم میں بہت سے فائدے ہیں۔ ہم نے ان چار سالوں میں دیکھا ہے کہ اس فارم پر ان پٹس یعنی کھادوں وغیرہ کا استعمال صفر ہے۔ اسی طرح کیڑے مار دواوں کا استعمال بھی صفر ہے۔ یہ دو بڑے خرچ ہوتے ہیں کسان کے لیے۔‘

اس کے ساتھ ساتھ اس فارم پر ریلے فارمنگ ہو رہی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ ایک فصل اٹھا کر ساتھ ہی فوری طور پر دوسری فصل کاشت کر دیتے ہیں۔ ان کے درمیان میں زمین کی تیاری کے لیے وقفہ کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔

’کیونکہ زمین کی ذرخیزی ہر وقت قائم ہے اور ہمارے پاس اپنی ہی کمپوزٹ سے تیار کردہ پنیری کا کلچر موجود ہے جہاں اس وقت بھی ستر ہزار کے قریب موجود لگے ہوئے ہیں۔ اس لیے جوں جوں زمین خالی ہوتی جائے گی وہ پودے اس میں منتقل ہوتے رہیں گے۔‘

اس طرح کم وقت میں زیادہ فصلیں لی جا سکتی ہیں۔ کسان وہ فصلیں بھی لے سکتا ہے مارکیٹ میں وقت سے پہلے آ جاتی ہیں جس سے اس کا منافع بڑھ جاتا ہے۔

ڈاکٹر محمد عظیم کا کہنا ہے چھوٹے کسان کے لیے یہ طریقہ کار انتہائی مفید ہے۔ ہر علاقے میں وہاں کی آب و ہوا اور مارکیٹ کی دستیابی کو دیکھتے ہوئے فصلوں کی اقسام اور فارم کی منصوبہ بندی میں تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں۔

تاہم ان کے خیال میں ضرورت اس بات کی ہے کہ یہ منصوبہ بندی سائنسی بنیادوں پر کر لی جائے۔ اس سے کسان اپنے منافع کو بڑھا سکتا ہے۔

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US